Bharat Express

Bangladesh Crisis: ہندوستان میں کچھ دنوں تک مزید رہ سکتی ہیں شیخ حسینہ، رشتہ دار لندن روانہ

بنگلہ دیش میں تختہ پلٹ کے بعد شیخ حسینہ ہندوستان پہنچی ہیں۔ ابھی وہ ہنڈن ایئربیس کے گیسٹ ہاؤس میں ٹھہری ہوئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی کچھ دن وہ ہندوستان میں ہی رہ سکتی ہیں۔ ان کے کچھ رشتہ دار جو ساتھ آئے تھے، وہ لندن روانہ ہوچکے ہیں۔

بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ۔ (فائل فوٹو)

بنگلہ دیش میں تختہ پلٹ کے بعد بھی تشدد اوربدامنی پھیلی ہوئی ہے۔ وزیراعظم عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد شیخ حسینہ ہندوستان پہنچی ہیں۔ ابھی وہ یوپی میں ہنڈن ایئربیس کے گیسٹ ہاؤس میں ٹھہری ہوئی ہیں۔ انہیں سخت سیکورٹی کے درمیان رکھا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی کچھ دن وہ ہندوستان میں ہی رہ سکتی ہیں۔ حالانکہ وہ ہنڈن ایئربیس سے باہرنہیں آئیں گی۔

شیخ حسینہ کے لئے ہنڈن ایئربیس میں ہی گیسٹ ہاؤس میں رہنے کا انتظام کیا گیا ہے۔ شیخ حسینہ کے ساتھ کچھ رشتہ دارآئے تھے، وہ لندن روانہ ہوچکے ہیں۔ سابق وزیراعظم کو کہاں جانا ہے، یہ وہ خود طے کریں گی۔ بنگلہ دیش میں غیرمستحکم صورتحال پرہندوستانی حکومت نے تشویش کا اظہارکیا ہے۔ ساتھ ہی پڑوسی ملک کی صورتحال پرمسلسل نظربنائے ہوئے ہیں۔ منگل کو وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے راجیہ سبھا میں کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ ہندوستان کے دہائیوں سے گہرے تعلقات ہیں۔ وہاں کے حالات سے یہاں بھی تشویش پیدا ہوئی ہے۔

بنگلہ دیش میں جو کچھ بھی ہوا، یہ ایک نکاتی ایجنڈا تھا: وزیرخارجہ

وزیرخارجہ ایس جے شنکرنے کہا کہ بنگلہ دیش میں جون سے حالات خراب ہونے شروع ہوگئے تھے۔ یہ سلسلہ اب تک جاری ہے۔ وہاں کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد بھی حالات نہیں بدلے۔ بنگلہ دیش میں جو کچھ ہوا، اس کا ایک نکاتی ایجنڈا یہی تھا کہ شیخ حسینہ وزیراعظم عہدے سے استعفیٰ دے دیں۔

کرفیو کے بعد بنگلہ دیش بھی وہاں فساد ہوئے

بنگلہ دیش کے حالات پر جانکاری دیتے ہوئے ایس جے شنکرنے کہا کہ پانچ اگست کو کرفیو کے بعد بھی وہاں فساد ہوئے ہیں۔ ابھی بھی حالات غیرمستحکم ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق، بنگلہ دیش میں 19 ہزار ہندوستانی شہری ہیں۔ اس میں 9 ہزار طلباء ہیں۔ حالانکہ بیشتر طلباء جولائی میں ہندوستان لوٹ آئے ہیں۔

اقوام متحدہ کی سربراہی میں آزادانہ تحقیقات کے مستحق ہیں لوگ: برطانیہ

بنگلہ دیش کے حالات پر برطانیہ کے وزیرخارجہ ڈیوڈ لیمی کا بھی بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ کچھ ہفتوں میں بنگلہ دیش نے زبردست تشدد اورجان ومال کا نقصان دیکھا ہے۔ وہاں کے لوگ اقوام متحدہ کی سربراہی میں واقعات کی مکمل اورآزادانہ تحقیقات کے مستحق ہیں۔

  بھارت ایکسپریس

Also Read