Bharat Express

Ayodhya Ram Temple Inauguration Riots: ’’ایودھیا میں رام مندر افتتاح کے دوران ملک میں فساد کرانے کی سازش‘‘ سنجے راؤت کا بڑا الزام

شیو سینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے گروپ کے لیڈر اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے بڑا دعویٰ کیا ہے۔

شیو سینا (ادھو گروپ) کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت (فائل فوٹو)

Ayodhya Ram Temple Inauguration Riots: شیو سینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے گروپ کے لیڈراورراجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے بڑا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے منگل کے روزکہا کہ ملک میں برسراقتداربی جے پی آئندہ لوک سبھا الیکشن جیتنے کے لئے رام مندرکے افتتاح کے دوران ملک میں فساد کرانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ کی آئندہ میٹنگ میں اس معاملے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

سنجے راؤت نے کہا کہ ان کا دعویٰ بے حد سنگین ہے اوراپوزیشن پارٹیاں اس معاملے پرمحتاط ہیں۔ واضح رہے کہ ایودھیا میں رام مندر کا کام آخری مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔ مندر کا افتتاح جنوری 2024 تک ہونے کی بات کہی جا رہی ہے۔ اس سے پہلے بھی جموں وکشمیرکے سابق گورنرستیہ پال ملک نے دعویٰ کیا تھا کہ رام مندرکے افتتاح کے دوران بی جے پی بڑا حملہ کرا سکتی ہے۔

سرجیکل اسٹرائیک یا گودھرا جیسا سانحہ ہونے کا ڈر

سنجے راؤت نے نیوزایجنسی اے این آئی سے کہا، ’’لوگوں کے دل میں یہ خوف ہے کہ جو سیاسی جماعت الیکشن جیتنے کے لئے سرجیکل اسٹرائیک کا ڈرامہ کرسکتی ہے، جس پارٹی اوران کے وزیراعظم پرپلوامہ جیسا گھناؤنا کام کرنے کا الزام ہے۔ جموں وکشمیر کے سابق گورنرستیہ پال ملک یہ بولتے ہیں کہ پلوامہ ہوا نہیں، کیا گیا ہے، وہ پارٹی الیکشن جیتنے کے لئے کچھ بھی کرسکتی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھیں:  Nuh Shobha Yatra: ”حکومت نے یکطرفہ کارروائی کرکے اصلی قصور وار مونو مانیسر کو بنایا ڈارلنگ“، اسدالدین اویسی نے بی جے پی پر سخت تنقید کی

ملک میں شدت پسندی کو دیا جائے گا فروغ

سنجے راؤت نے کہا کہ رام مندرکے افتتاح کے دوران ملک کے کونے کونے سے گاڑیوں کوایودھیا بلایا جائے گا اوران میں سے کسی پرحملہ کیا جائے گا۔ سنجے راؤت نے کہا کہ سبھی سیاسی جماعتوں کو خوف ہے کہ اس کے بعد ملک میں شدت پسندی کی آگ بھڑک جائے گی۔ سنجے راؤت نے یہ بھی کہا کہ بابری مسجد-ایودھیا موضوع ختم ہوگیا ہے۔ اب اگرکوئی اس موضوع کواٹھا رہا ہے تو وہ پاگل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں رام مندراس لئے بن رہا ہے کیونکہ سپریم کورٹ نے یہ موضوع ختم کردیا ہے۔ کسی کو بھی اس کا سہرا لینے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے۔ اگرکسی کو سہرا دینا ہی ہے تو پھران ہزاروں کارسیوکوں کو دینا چاہئے، جنہوں نے اپنی جان قربان کی۔ سنجے راؤت نے کہا کہ اس میں شیو شینا بھی شامل ہے۔

 بھارت ایکسپریس۔

Also Read