مہاراشٹر کے نائب وزیراعلی اجیت پوار۔ (فائل فوٹو)
لوک سبھا الیکشن کے بعد اجیت پوارگروپ پھرایکشن موڈ میں آگیا ہے۔ 27 تاریخ کو پارٹی کے سبھی اراکین اسمبلی کی میٹنگ بلائی گئی ہے۔ میٹنگ میں لوک سبھا الیکشن پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ریاست میں ساتھیوں کے تعاون اورووٹنگ پربات چیت ہوگی۔ یہ میٹنگ ممبئی کے گروارے کلب میں منعقد کی جائے گی۔ اس بات پربھی تبادلہ خیال کیا جائے گا کہ کیا عظیم اتحاد میں شامل جماعتوں نے ووٹنگ میں مدد کی۔
واضح رہے کہ مہاراشٹرکے نائب وزیراعلیٰ اجیت پوارکی پارٹی این ڈی اے کا حصہ ہے۔ این سی پی نے مہاراشٹر میں شیوسینا (شندے گروپ) اوربی جے پی کے ساتھ الائنس میں الیکشن لڑا۔ یہ پہلی بارہے جب شرد پوار سے الگ ہوکراجیت پوارعام انتخابات میں اترے۔ خاص طور پرسب سے زیادہ بحث بارامتی لوک سبھا سیٹ کی ہے، جہاں سے ان کی اہلیہ سنیترا پوارمیدان میں ہیں۔
سنیترا پوارکا بارامتی سیٹ پرمقابلہ ان کی نند اورشرد پوارکی بیٹی سپریا سولے سے ہے۔ سپریا سولے مسلسل تین بارسے اس سیٹ پررکن پارلیمنٹ منتخب ہوتی آئی ہیں۔ سنیترا پوارپہلی بارلوک سبھا الیکشن کے میدان میں اتری ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔