وزیراعظم نریندرمودی
نئی دہلی : مہاراشٹر میں 20 نومبر کو اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ ہونی ہے، وزیراعظم نریندرمودی جمعرات کو ممبئی کے دادر کے شیواجی پارک گراؤنڈ میں ایک ریلی سے خطاب کرنے پہنچے، تاہم مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور ان کی پارٹی کے دیگرسینئرلیڈران اس ریلی میں شریک نہیں ہوئے۔ اس کے علاوہ، این سی پی کے امیدوار نواب ملک ،ثنا ملک اور ذیشان صدیقی نے مہایوتی اتحاد کی ریلی میں شرکت نہیں کی۔ جبکہ مہاوتی کے سبھی امیدوار بشمول شیو سینا (شنڈے خیمہ) اور رام داس اٹھاولے کی قیادت والی آر پی آئی ریلی کے دوران اسٹیج پر موجود تھے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے ریلی کے دوران کہا کہ مہاوکاس اگھاڑی کے لوگ خوشامد کے غلام بن چکے ہیں۔ یہ وہی اگھاڑی ہے جو رام مندر کی مخالفت کرتی ہے۔ بھگوا دہشت گردی سے متعلق لفظ ایجاد کرتی ہے۔ کشمیر میں دفعہ 370 کی واپسی کی بات کرتی ہے، آج مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے تحت میری آخری ریلی ہے۔ میں نے زندگی کے تمام شعبوں کے لوگوں سے بات چیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پورے مہاراشٹر کے لوگوں کا آشیرواد مہایوتی کے ساتھ ہے۔
‘ حکومت سازی کے لیے کانگریس پانی کے بغیر مچھلی کی طرح تڑپ رہی ہے’
انہوں نے کہا کہ مہاوکاس اگھا ڑی والوں کے لیے ان کی پارٹی ملک سے اوپر ہے۔ جب ہندوستان ترقی کرتا ہے تو اگھا ڑی والوں کو تکلیف ہوتی ہے۔ یہ لوگ ہندوستان کی کامیابیوں پرسوال اٹھاتے ہیں ۔ اگھاڑی کے لوگ ذات پات کے نام پر لوگوں کو لڑانے میں مصروف ہیں۔ کانگریس پانی سے باہر مچھلی کی طرح حکومت بنانے کے لیے بے چین ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ کانگریس ایس سی-ایس ٹی ذاتوں کو آپس میں لڑانا چاہتی ہے۔ میں بار بار کہہ رہا ہوں کہ جس طرح سے مہاو کاس اگھاڑی کے لوگ کارنامے کر رہے ہیں، جس طرح سے کانگریس کے شہزادے تباہی کی زبان بول رہے ہیں، ایسے میں ایک چیز بہت اہم ہو گئی ہے – ‘اگر ہم ایک ہیں،تو سیف ہیں۔.
مہاوکاس اگھاڑی کو نشانہ بنایا
وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ اگھاڑی میں ایک گروپ ہے جس نے اپنا ریموٹ پارٹی کو سونپ دیا ہے جس نے بالاصاحب کی توہین کی ہے۔ اگر آپ میں ہمت ہے تو کانگریس کے شہزادے – ہندو دل کے شہنشاہ بالاصاحب ٹھاکرے کے منہ سے ایک بار کہلواکر دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ‘آج ملک میں مودی کی حکومت ہے، دہشت گردوں کے آقا جانتے ہیں، یہ اگھا ڑی والے جانتے ہیں یا نہیں، اگر انہوں نے ہندوستان کے خلاف کچھ کیا ہے، ممبئی کے خلاف کچھ کیا ہے تو مودی انہیں نہیں بخشیں گے۔
بھارت ایکسپریس۔