نئی دہلی: مرکزی کابینہ کے فیصلوں کی جانکاری دینے کے لیے مرکزی وزیراشونی ویشنواورچیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) کی پریس کانفرنس ہوئی۔ اس دوران کئی اہم فیصلوں کومنظوری دی گئی، جن میں اگنی ویروں کے حوالے سے خاص اعلان کیا گیا ہے۔ پہلے صرف 25 فیصد اگنی ویروں کومستقل طورپرفوج میں شامل کرنے کا التزام تھا، تاہم اب اس تعداد کوبڑھا کر75 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہیں 2 سال تک مزید خدمات انجام دینے کا موقع بھی دیا جائے گا۔ اس کے بعد فوج کے مقررہ معیارکے مطابق ان کا انتخاب کیا جائے گا۔ 2 سال کی مدت پوری ہونے کے بعد 75 فیصد اگنی ویروں کوفوج میں شامل ہونے کا موقع مل سکے گا۔ اس دوران انہیں پہلے کے مقابلے زیادہ تنخواہ بھی دی جائے گی۔
واضح رہے کہ اگنی ویراسکیم کے تحت بھرتی ہونے والے پہلے بیچ کی 4 سالہ مدت پوری ہونے والی ہے۔ اگنی ویروں کے علاوہ مرکزی حکومت نے گرڈ اسکیل انرجی اسٹوریج کوبھی منظوری دی ہے۔ کابینہ نے اہم معدنیات (کریٹیکل منرلز) کی پروسیسنگ سے متعلق بھی فیصلہ کیا ہے۔
مرکزی وزیراشونی ویشنونے کیا کہا؟
کابینہ کے فیصلوں کی جانکاری دیتے ہوئے مرکزی وزیراشونی ویشنونے کہا کہ آج کی کابینہ میٹنگ میں کئی اہم فیصلے لئے گئے ہیں۔ سب سے پہلے میں ہمارے کلین انرجی مشن سے متعلق ایک بڑے فیصلے کی جانکاری دینا چاہتا ہوں۔ ہندوستان نے اس شعبے میں اپنی کارکردگی سے نئے معیار قائم کیے ہیں اوردنیا بھرمیں اپنی پہچان بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کابینہ نے 92 گیگا واٹ آور (GWh) کی گرڈ اسکیل انرجی اسٹوریج اسکیم کومنظوری دی ہے۔ اس میں سے 30 گیگا واٹ آوربیٹری اسٹوریج اور60 گیگا واٹ آورپمپڈ ہائیڈرواسٹوریج کے لیے مختص کئے جائیں گے۔ ساتھ ہی اس بات کا خاص خیال رکھا جائے گا کہ اس اسکیم کا فائدہ پورے ملک میں پہنچے۔
850 فاسٹ ٹریک عدالتوں کی توسیع
کابینہ نے 850 فاسٹ ٹریک عدالتوں کومضبوط بنانے اوران کی توسیع کے منصوبے کوبھی منظوری دی ہے۔ مرکزی وزیراشونی ویشنونے اس کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان عدالتوں کی مدد سے بچوں کے استحصال اورعصمت دری کے معاملات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا پختہ عزم ہے کہ معاشرے میں جب بھی اس طرح کے مسائل یا خطرات سامنے آئیں گے، چاہے وہ خواتین کے خلاف مظالم ہوں یا آنے والی نسلوں کی حفاظت سے متعلق کوئی خطرہ، حکومت سخت اورفیصلہ کن اقدامات کرے گی۔ اس میں موجودہ قوانین کا مکمل استعمال، ضرورت پڑنے پرنئے قوانین بنانا اورقوانین کومزید مؤثرطریقے سے نافذ کرنا شامل ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


