ایئر انڈیا کی پرواز کے بعد ممبئی ہاوڑہ میل کو بم سے اڑانے کی دھمکی
ممبئی: پیر کے روز ممبئی ہاوڑہ میل میں بم دھماکے کی دھمکی دی گئی ۔ تفتیشی ادارے الرٹ موڈ میں آگئے اور پوری ٹرین میں سرچ آپریشن کیا۔ دھماکے کی دھمکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دی گئی۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ناسک میں ٹائمر کے ذریعے دھماکے کی دھمکی دی گئی۔ ‘X’ پوسٹ میں مہاراشٹر پولیس کے لیے گالی گلوچ کے الفاظ استعمال کیے گئے ہیں۔
بم دھماکے کے واقعے کے بعد، ممبئی ہاوڑہ میل کو پیر کی صبح 4 بجے جلگاؤں میں روک کر تلاشی لی گئی۔ تقریباً دو گھنٹے کی گہری تفتیش کے بعد بھی سیکورٹی اہلکاروں کو کوئی مشکوک چیز نہیں ملی، اس لیے بم ملنے کی دھمکی محض افواہ ثابت ہوئی۔
ٹرین کو بم سے اڑانے کی دھمکی فضل الدین نامی اکاؤنٹ کے ذریعے دی گئی تھی۔ اس میں لکھا تھا کہ ’’کیا رے ہندوستانی ریلوے آج صبح خون کے آنسو روؤ گے تم لوگ۔ آج فلائٹ میں بم رکھوایاہے اور 12809 ٹرین میں بھی رکھوایا ہے، ناسک آنے سے پہلے بڑا دھماکہ ہوگا۔‘‘
آپ کو بتا دیں کہ اس سے پہلے ممبئی سے نیویارک جانے والے ایئر انڈیا کے طیارے کو بھی بم کی دھمکی ملی تھی۔ اس کے بعد طیارے کا رخ دہلی کی طرف موڑ دیا گیا۔ جس کے بعد طیارے کو دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔ پولیس اور سیکورٹی ادارے فلائٹ کی مکمل چھان بین کر رہے ہیں۔
اس بارے میں معلومات دہلی پولیس نے فراہم کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ممبئی سے نیویارک جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز میں بم کے خطرے کے پیش نظر اسے دہلی کی طرف موڑ دیا گیا۔ ہوائی جہاز فی الحال IGI ہوائی اڈے پر کھڑا ہے اور تمام معیاری حفاظتی پروٹوکول پر عمل کیا جا رہا ہے تاکہ جہاز میں سوار مسافروں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
معلومات کے مطابق، ایئر انڈیا کے طیارے نے ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے رات 2 بجے اڑان بھری تھی۔ طیارہ نیویارک جا رہا تھا۔ ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد پرواز کو بم کی دھمکی ملی، جس کے بعد اسے دہلی کی طرف موڑ دیا گیا۔
بھارت ایکسپریس۔