Bharat Express

Manish Sisodia Arrested: منیش سسودیا کو عدالت میں پیش کرے گی سی بی آئی، عام آدمی پارٹی کرے گی ملک گیر احتجاج، الرٹ جاری

Aam Aadmi Party Protest: منیش سسودیا کی گرفتاری کے خلاف آج (27 فروری) کو عام آدمی پارٹی ملک گیر احتجاج کرے گی۔ وہیں دہلی میں عام آدمی پارٹی کے کارکنان بی جے پی ہیڈ کوارٹر کے سامنے احتجاج کریں گے۔

منیش سسودیا کی گرفتاری پر عام آدمی پارٹی پورے ملک میں کرے گی احتجاج

دہلی کے نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا کی گرفتاری کے بعد سیاست کافی گرما گئی ہے۔ سی بی آی آج انہیں راؤز ایوینیو کورٹ میں پیش کرکے دو ہفتے کی ریمانڈ مانگ سکتی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے منیش سسودیا سے پوچھ گچھ اورگرفتاری کی مخالفت کی ہے۔ آج 27 فروری (پیر کے روز) عام آدمی پارٹی پورے ملک میں احتجاج کرے گی۔ وہیں دہلی میں عام آدمی پارٹی حامی اورکارکنان بی جے پی ہیڈ کوارٹرکے سامنے احتجاج کریں گے۔ ابھی تک عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ، دہلی حکومت میں وزیرگوپال رائے سمیت 50 کارکنان حراست میں لئے گئے ہیں۔  شراب گھوٹالے کے سلسلے میں سی بی آئی نے دہلی کے نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا سے کل (اتوارکے روز) 8 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی، جس کے بعد انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

گرفتاری پر سی بی آئی نے کیا کہا؟

نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا کی گرفتاری پر سی بی آئی کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف جمع کئے گئے ثبوتوں کے بارے میں ان سے پوچھ گچھ کی گئی، لیکن وہ جانچ میں تعاون نہیں کر رہے تھے۔ جواب میں ٹال مٹول کر رہے تھے۔ منیش سسودیا پراپنے خاص لوگوں کو فائدہ پہنچانے کا الزام ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ان سے دستاویزی، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل ثبوتوں کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی۔ سی بی آئی نے یہ بھی الزام لگایا کہ منیش سسودیا نے ثبوت برباد کردیئے ہیں۔ سی بی آئی ذرائع نے دعویٰ کیا، ’ہم نے چیٹ اور نوکر شاہ کے بیان کے بارے میں پوچھا… لیکن سسودیا ٹال مٹول کر رہے تھے اور کسی بھی سوال کا جواب نہیں دیا۔‘

منیش سسودیا کی گرفتاری کے بعد دہلی میں الرٹ

دہلی کے نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا کی اتوار رات گرفتاری کے بعد عام آدمی پارٹی کے کارکنان میں کافی ناراضگی ہے۔ اسے دیکھتے ہوئے دہلی میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ اسپیشل پولیس کمشنر نے دہلی کی لا اینڈ آرڈر کی کمان سنبھال لی ہے۔ تھانہ انچارجوں سمیت تھانہ پولیس کو الرٹ رہنے کے احکامات دیئے گئے ہیں، تو وہیں خاتون پولیس اہلکاروں کو رات بھر تھانے میں رہنے کے لئے کہا گیا ہے۔ دہلی میں کسی بھی جگہ احتجاج اور دھرنا کو روکنے کے علاوہ لوگوں کو ایک جگہ جمع ہونے سے روکنے کے لئے کہا گیا ہے۔ سبھی جگہ لا اینڈ آرڈر کو بنائے رکھنے کے لئے کہا گیا ہے۔ دہلی پولیس کو اِِن پُٹ ملے ہیں کہ منیش سسودیا کی گرفتاری کے خلاف عام آدمی پارٹی اور حامی ہنگامہ اور احتجاج کرسکتے ہیں۔

آج ‘یوم سیاہ‘ منائے گی عام آدمی پارٹی

دہلی حکومت کے وزیرماحولیات گوپال رائے نے کہا ہے کہ نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا کی گرفتاری کے خلاف پیر کے روز عام آدمی پارٹی ‘یوم سیاہ‘ (کالا دن) منائے گی۔ پارٹی کے لیڈر اورکارکنان بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) دفتر کے سامنے احتجاج بھی کریں گے۔

-بھارت ایکسپریس