Bharat Express

دہلی الیکشن سے پہلے اروند کیجریوال کا بڑا اعلان، دلت طلبا کے لئے شروع کی گئی ڈاکٹر امبیڈکر اسکالر شپ اسکیم، جانئے کس کو ملے گا فائدہ

اروند کیجریوال نے کہا کہ بابا صاحب امبیڈکرنے اپنی زندگی میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے جتنی جدوجہد کی، اس کا ہم تصوربھی نہیں کر سکتے۔ ان کے زمانے میں بہت چھوا چھوت تھی۔ انہیں کلاس سے باہرٹاٹ-پٹی میں بٹھایا جاتا تھا۔

نئی دہلی: مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کے بابا صاحب امبیڈکرسے متعلق کئے گئے تبصرہ پراروند کیجریوال نے سوال اٹھائے ہیں۔ یہی نہیں انہوں نے ہفتہ کے روزڈاکٹرامبیڈکرکے احترام میں دہلی کے باشندوں کے لئے بڑا اعلان کیا۔ انہوں نے ڈاکٹرامبیڈکراسکالرشپ کا اعلان کیا۔ دہلی میں منعقدہ خاص تقریب میں انہوں نے اس اسکالرشپ کا اعلان کیا۔ اروند کیجریوال نے کہا کہ کوئی بھی دلت طبقے کا طالب علم بیرون ملک میں تعلیم حاصل کرنا چاہتا ہے تو اسے پورا تعاون عام آدمی پارٹی کی حکومت دے گی۔

ڈاکٹرامبیڈکراسکالرشپ کا اعلان

عام آدمی پارٹی کے نیشنل کنوینراروند کیجریوال نے کہا کہ میں یہ یقینی بنانا چاہتا ہوں کہ دلت طبقے کا کوئی بھی شخص اعلیٰ تعلیم سے محروم نہ رہے۔ اس کے لئے ڈاکٹرامبیڈکراسکالرشپ کا اعلان کررہا ہوں۔ اب دلت طبقے کا کوئی بھی طالب علم جو پوری دنیا کی اعلیٰ یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنا چاہتا ہے، دہلی حکومت اس کے داخلے کے بعد اس کا خرچ برداشت کرے گی۔

کیجریوال نے امت شاہ اوربی جے پی کو گھیرا

اروند کیجریوال نے مزید کہا کہ یہ اسکالرشپ دلت طبقے کے سرکاری ملازمین کے لئے بھی نافذ ہوگی۔ ہم ڈاکٹرامبیڈکراسکالرشپ کا اعلان کرکے بی جے پی اورمرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کوجواب دے رہے ہیں، جنہوں نے ڈاکٹربی آرامبیڈکر کی توہین کی۔ اروند کیجریوال نے اس دوران کہا کہ بابا صاحب امبیڈکرنے سب سے زیادہ توجہ تعلیم پردی ہے۔

اروند کیجریوال نے ڈاکٹرامبیڈکرسے متعلق کہی یہ بڑی بات

اروند کیجریوال نے کہا کہ بابا صاحب ڈاکٹربھیم راؤامبیڈکرنے اپنی زندگی میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے جتنی جدوجہد کی، اس کا ہم تصور بھی نہیں کرسکتے۔ ان کے زمانے میں بہت چھوا چھوت تھی۔ انہیں کلاس سے باہرٹاٹ-پٹی میں بٹھایا جاتا تھا۔ ایسے حالات میں پڑھ کر انہوں نے ممبئی میں گریجویشن مکمل کیا۔ پھرکولمبیا یونیورسٹی سے انہوں نے پی ایچ ڈی مکمل کی۔ لندن اسکول آف اکنامکس گئے اوروہاں سے انہوں نے پی ایچ ڈی مکمل کی۔

بھارت ایکسپریس۔

Also Read