وزیر اعظم مودی کے ذریعہ پیش کی گئی چادر خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر چڑھانے کے لئے اقلیتی مورچہ کے صدر جمال صدیقی کی قیادت میں قافلہ روانہ ہوا۔
نئی دہلی: وزیراعظم نریندرمودی نے جمعرات (11 جنوری) کو خواجہ غریب نوازکی درگاہ پر چڑھائی جانے والی چادربی جے پی اقلیتی محاذ کے قومی صدرجمال صدیقی کو سونپی تھی۔ جس کو خواجہ معین الدین چشتی کے عرس کے موقع پراجمیر شریف درگاہ پر چڑھایا جائے گا۔
جمعہ کی صبح اقلیتی مورچہ کے قومی صدرجمال صدیقی نے دہلی میں بابا قطب شاہ کی چادرلی اورپھرنوح، الور، دوسہ اورہریانہ کے جے پورسے ہوتے ہوئے اجمیرکے لئے روانہ ہوئے۔ ان کے ساتھ ملک بھرسے اقلیتی محاذ کے عہدیداران کی بڑی تعداد موجود تھے۔ قافلے نے رات جے پورمیں گزاری۔
قابل ذکرہے کہ وزیراعظم نریندرمودی ہرسال اجمیرشریف درگاہ پرعرس کے موقع پرچادر پیش کرتے ہیں۔ ہرسال کی طرح امسال بھی درگاہ پروزیراعظم کی طرف سے چادرچڑھائی جائے گی۔ نریندرمودی وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اب تک 9 بار اجمیر شریف درگاہ پرچادر چڑھا چکے ہیں۔ یہ دسویں بار ہے، جب پی ایم مودی نے خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ کے لئے چادر بھیجی ہے۔
پی ایم مودی نے چادرچڑھانے کے لئے وفد کے حوالہ کرنے کے بعد اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ ایکس (ٹوئٹر) پرتصویربھی شیئرکی، جس میں ان کے ساتھ مرکزی وزیربرائے اقلیتی اموراسمرتی ایرانی اوربی جے پی اقلیتی محاذ کے صدرجمال صدیقی بھی تھے اوردہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثرجہاں بھی موجود تھیں۔ جمال صدیقی کے قافلے میں قومی نائب صدر چودھری ذاکر حسین، ایس کے ایم ایس سی اکرم، یاسرجیلانی، شاداب شمس چیئرمین وقف بورڈ اتراکھنڈ، ڈاکٹراسلم، کمال بابر، فہیم سیفی، وسیم وارثی وغیرہ موجود تھے۔