چھبیس نومبر 1949 کو آئین ساز اسمبلی نے ہمارے آئین کو منظور کیا تھا۔ آج کے دن ہم ڈاکٹر راجندر پرساد، ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر اور آئین ساز اسمبلی کے تمام ارکان کو یاد کرتے ہیں اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ان تمام عظیم شخصیات کی بڑائی اس بات میں پنہاں تھی کہ انہوں نے ایک جدید آئین کی تشکیل کے دوران بھارت کی عظیم روایات، تہذیبی ورثے اور صدیوں کے اجتماعی دانش و شعور سے بھرپور استفادہ کیا۔ بھارت جیسے متنوع ملک کے لیے، جہاں مختلف مذاہب، زبانیں، رسم و رواج اور مکاتبِ فکر پائے جاتے ہیں، یہ نہایت ضروری ہے کہ آئین کی اہمیت اور اس کا پیغام پارلیمنٹ اور عدالتوں کی حدود سے کہیں آگے تک پہنچے۔ہماری مسلسل کوشش رہی ہے کہ آئین کے ساتھ عوام کے اجتماعی شعور اور احساسِ وابستگی کو مزید گہرا کیا جائے، بالخصوص نوجوان نسل میں آئینی اقدار کے تئیں بیداری پیدا کی جائے اور اتحاد و یکجہتی کے اس جذبے کو مضبوط بنایا جائے جو بھارت کے روشن مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔اسی مقصد کے تحت ایک دہائی سے بھی زائد عرصہ قبل ہماری حکومت نے 26 نومبر کو یومِ آئین کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا تھا۔
مجھ سمیت کروڑوں بھارتیوں کے لیے آئینِ ہند ہماری زندگی کے سفر کا ایک ناگزیر حصہ ہے۔ جب بھی میں اپنے بچپن، ان سادہ اور محدود وسائل والے حالات کو یاد کرتا ہوں جن میں میری پرورش ہوئی، اور ان مشکلات پر نظر ڈالتا ہوں جو روزمرہ زندگی کا حصہ تھیں، تو میرا دل اپنے آئین کے تئیں بے پناہ تشکر کے جذبات سے بھر جاتا ہے۔یہ ہمارے آئین کی غیر معمولی عظمت کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ ایک ایسے خاندان میں پیدا ہونے والا بچہ، جس کے پاس نہ کوئی خاص مراعات تھیں اور نہ ہی پیدائش کے اعتبار سے کوئی امتیازی سہولت، ایک دن دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کی خدمت کی ذمہ داری سونپے جانے کے لائق قرار پا سکتا ہے۔یہ سب ہمارے آئین کی بدولت ممکن ہوا ہے، کیونکہ اب کسی فرد کے مستقبل کی حدود کا تعین اس کی پیدائش کے حالات نہیں کرتے۔ ہم نے اپنی بساط بھر کوشش کرتے ہوئے اپنے آئین کو مزید مضبوط بنا کر اس کے تئیں اپنے تشکر اور احسان مندی کے جذبات کا قرض ادا کرنے کی سعی کی ہے۔ آئین کے ممتاز محقق اور ماہرِ قانون گرین وِل آسٹن نے ہمارے آئین کو ’’سب سے بڑھ کر ایک سماجی دستاویز‘‘ قرار دیا تھا۔ سماجی اور معاشی انصاف کے حصول کی جستجو ہمارے آئین کے گوشےگوشے میں پیوست ہے۔ایسے میں ہمارے لیے اس سے بڑھ کر اطمینان اور مسرت کی بات اور کیا ہو سکتی ہے کہ ہم آئین کے معماروں کے اس عظیم اور عزیز خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے کوشاں ہیں؟
عالمی بینک کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق، بھارت میں تقریباً 50 کروڑ افراد غربت سے باہر نکل آئے ہیں۔ نسل در نسل غربت اور محرومیوں کے چنگل سے آزاد ہو کر اب کروڑوں والدین اپنے بچوں کے بہتر اور روشن مستقبل کے خواب دیکھ سکتے ہیں۔ جب پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت کسی خاندان کو جھونپڑی یا کچے مکان سے نکال کر پکے مکان کی سہولت فراہم کی جاتی ہے تو باوقار زندگی گزارنے کا آئینی وعدہ حقیقت کا روپ اختیار کرتا ہے۔ اسی طرح جب اجولا یوجنا کے ذریعے کسی ماں کو دھوئیں سے بھرے باورچی خانے کی اذیت اور مشکلات سے نجات ملتی ہے تو ہم مساوات اور عوامی فلاح و بہبود کے آئینی اصولوں کو عملی جامہ پہنانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھاتے ہیں۔ جب آیوشمان بھارت کے ذریعے کسی غریب خاندان کو قرض کے بوجھ کے خوف کے بغیر معیاری طبی سہولیات حاصل ہوتی ہیں تو سماجی انصاف کا تصور عملی حقیقت بن جاتا ہے۔ جب مُدرا یوجنا اور پی ایم سواندھی کے ذریعے چھوٹے کاروباری افراد اور سڑکوں پر کاروبار کرنے والے خوانچہ فروشوں کو بغیر کسی ضمانت کے قرض فراہم کیا جاتا ہے تو معاشی انصاف کے اصول کو عملی شکل ملتی ہے۔ اسی طرح جب ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور یو پی آئی جیسے پلیٹ فارم ہر قسم کی تفریق اور رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے وہ مواقع، جو پہلے صرف مراعات یافتہ طبقے کو میسر تھے، ہر شہری کی دسترس میں پہنچاتے ہیں تو ہم شمولیت اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کے آئینی تصور کو مزید آگے بڑھاتے ہیں۔ آئین کے اس وژن کی عملی تعبیر کی ایسی اور بھی بے شمار مثالیں موجود ہیں۔
ہماری حکومت کی جانب سے کی گئی آئینی ترامیم کی فہرست کو بھی اسی تناظر میں دیکھا جا سکتا ہے۔ 101ویں آئینی ترمیم کے ذریعے جی ایس ٹی (اشیا و خدمات ٹیکس) کا نفاذ عمل میں آیا، جو ایک طویل عرصے سے زیرِ انتظار اہم اصلاح تھی۔102ویں آئینی ترمیم کے ذریعے پسماندہ طبقات کے قومی کمیشن کو آئینی حیثیت عطا کی گئی، جس سے معاشرے کے محروم اور پسماندہ طبقات کا ایک دیرینہ خواب شرمندۂ تعبیر ہوا۔ 103ویں آئینی ترمیم کو بھی وسیع پیمانے پر سماجی قبولیت حاصل ہوئی۔ اس ترمیم کے ذریعے معاشی طور پر کمزور طبقات (ای ڈبلیو ایس) کے لیے ریزرویشن کی سہولت فراہم کی گئی، جس کے تحت موجودہ ریزرویشن نظام کے دائرے سے باہر آنے والی برادریوں کے معاشی طور پر پسماندہ خاندانوں کی دیرینہ خواہشات اور ضروریات کو پورا کرنے کی کوشش کی گئی۔
1950 کے بعد پہلی مرتبہ ہمارے آئین کا تازہ ترین اور نظرِ ثانی شدہ نسخہ اب آٹھویں شیڈول میں شامل تمام 22 زبانوں میں دستیاب ہے۔ اس اقدام نے آئین کو عوام کے مزید قریب پہنچا دیا ہے اور ہر زبان بولنے والے شہری کے لیے اسے سمجھنا اور اس سے استفادہ کرنا آسان بنا دیا ہے۔ 1950 میں آئین کے نفاذ کے باوجود ملک میں 1860 کی دہائی کے نوآبادیاتی دور کے تعزیری قوانین کے تحت ہی نظامِ انصاف چلتا رہا۔ بھارتیہ نیائے سنہتا کے ذریعے ہم نے اپنے فوجداری نظامِ انصاف میں بنیادی تبدیلی لانے کی کوشش کی ہے، جس کا مقصد سزا (دَنڈ) پر مبنی نوآبادیاتی سوچ سے آگے بڑھ کر شہریوں کو مرکزیت دیتے ہوئے انصاف (نیائے) کی فراہمی کو ترجیح دینا ہے۔
گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہم نے شہریوں کے فرائض، یعنی ’کرتویہ‘پر خصوصی زور دیا ہے۔ ہماری تہذیب نے ہمیشہ معاشرے میں ہر فرد کے کردار کے ساتھ وابستہ ذمہ داریوں اور فرائض کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ ’کرتویہ‘ کا یہی جذبہ سووچھ بھارت ابھیان سے لے کر آبی وسائل کے تحفظ اور ماحولیات کی حفاظت تک، عوامی سطح پر چلائی جانے والی متعدد تحریکوں میں نمایاں طور پر نظر آتا ہے۔ تاہم، ایک اور حقیقت بھی ہے جس کا ذکر کرنا میں ضروری سمجھتا ہوں۔ ہماری تاریخ میں ایسے مواقع بھی آئے ہیں جب ان لوگوں نے جنہیں آئین کے تحفظ اور پاسداری کی ذمہ داری سونپی گئی تھی ان لوگوں نے ہی اسے کمزور کرنے کا راستہ اختیار کیا۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ یہ وہی لوگ ہیں جنہیں پانچ دہائیوں تک بھارت پر حکومت کرنے کا موقع حاصل رہا۔
اس سال 1951 کی پہلی آئینی ترمیم کے 75 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ اس ترمیم کے وقت ایسی حکومت نے، جو عوام کے براہِ راست منتخب کردہ عوامی مینڈیٹ کے تحت اقتدار میں نہیں آئی تھی، عبوری پارلیمنٹ میں حاصل اپنی اکثریت کا استعمال کرتے ہوئے بنیادی آزادیوں پر پابندیاں عائد کیں۔ بھارت کے پہلے عام انتخابات سے محض چند ماہ قبل اس ترمیم کا کیا جانا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اس کا مقصد انتخابی عمل پر اثر انداز ہونا اور عوامی مخالفت کی آواز کو دبانا تھا۔اسی طرح ایمرجنسی کے عروج کے دور میں منظور کی گئی 42ویں آئینی ترمیم کے بھی اس سال 50 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ اس ترمیم کے ذریعے عدالتی نظرِ ثانی کے اختیار کو محدود کیا گیا اور مختلف آئینی اداروں کے اختیارات کے درمیان موجود توازن کو بنیادی طور پر تبدیل کر دیا گیا۔میں نوجوانوں سے یہ اپیل بھی کرنا چاہوں گا کہ وہ 38ویں اور 39ویں آئینی ترامیم کا بھی مطالعہ کریں، تاکہ انہیں معلوم ہو سکے کہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا اور آئین کے اصولوں سے انحراف کرنے والی قیادت کیا کچھ کر سکتی ہے۔
منتخب ریاستی حکومتوں کو برطرف کرنے کے لیے آئین کے آرٹیکل 356 کا بار بار غلط استعمال بھی ہماری جمہوری تاریخ کا ایک تشویش ناک باب ہے۔ ایک سیاسی جماعت کے نام یہ ریکارڈ درج ہے کہ اس نے تقریباً 100 مرتبہ آرٹیکل 356 نافذ کیا، جبکہ ایک سابق وزیرِ اعظم نے اس معاملے میں نصف سنچری مکمل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا۔ آئین سازوں کو امید تھی کہ پورے بھارت میں آئین کو اس کے اصل متن اور حقیقی روح کے مطابق نافذ کیا جائے گا۔ لیکن سات دہائیوں سے زائد عرصے تک آرٹیکل 370 اور 35اے کی موجودگی کے باعث جموں و کشمیر میں پورے آئین کا مکمل نفاذ ممکن نہیں ہو سکا۔ اس کے نتیجے میں درج فہرست ذاتوں (ایس سی)، درج فہرست قبائل (ایس ٹی)، دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) اور خواتین کے حقوق متاثر ہوئے۔بالآخر 2019 میں اس تاریخی ناانصافی کا ازالہ کیا گیا۔
کئی دہائیوں تک بھارت کے مختلف حصوں، بالخصوص قبائلی علاقوں میں نکسلیوں نے بندوق کی طاقت کے بل بوتے پر غریب ترین عوام کو ان حقوق سے محروم رکھا، جن کی ضمانت ہمارے آئین نے انہیں دی ہے۔ اس سال نکسل ازم کے کامیاب خاتمے کی خبر خصوصی طور پر باعثِ مسرت ہے، کیونکہ اس سے غریب ترین افراد بھی اب بلا خوف و خطر اپنے آئینی حقوق استعمال کرنے کے قابل ہو گئے ہیں۔اب ہمارے سامنے صرف ’دماغی نکسل‘باقی رہ گئے ہیں، جو ہمارے عہد کے زمینی حقائق سے یکسر دور ہیں، لیکن اس کے باوجود ملک کی ترقی کے سفر کو پٹری سے اتارنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ یہ امر انتہائی افسوس ناک ہے کہ حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت او بی سی (دیگر پسماندہ طبقات) کے لیے ریزرویشن میں کمی اور مسلمانوں کے لیے ریزرویشن متعارف کرانے کی خواہش رکھتی ہے، حالانکہ آئین ساز، بالخصوص ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر، اس نوعیت کے ریزرویشن کے سخت مخالف تھے۔
ہمارے آئین کا سفر ان عظیم خواتین کے قابلِ قدر کردار کے اعتراف کے بغیر نامکمل رہے گا، جنہوں نے اس کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ لیکن رواں سال کے اوائل میں جو کچھ ہوا، وہ ہمارے لیے باعثِ شرم ہونا چاہیے۔ قانون ساز اداروں میں خواتین کو مناسب نمائندگی فراہم کرنے کے مقصد سے پیش کیے گئے ایک قانون کو حزبِ اختلاف کی ایک جماعت نے منظور نہیں ہونے دیا۔ اس واقعے نے ایک بار پھر آئینی اقدار کے تئیں اس کی بے اعتنائی کو ظاہر کیا۔میں بھارت کی خواتین، یعنی ’ناری شکتی‘ کو یقین دلاتا ہوں کہ انہیں انصاف دلانے اور ان کے جائز حقوق یقینی بنانے کی ہماری کوششوں کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ ہماری آئینی جمہوریت میں حزبِ اختلاف کا کردار واضح طور پر متعین ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ حزبِ اختلاف کی سب سے بڑی جماعت اب ایک مؤثر مخالف جماعت (ویرودھ پکش) کے بجائے زیادہ تر رکاوٹیں کھڑی کرنے والی جماعت (اورودھ پکش) بنتی دکھائی دے رہی ہے۔اس جماعت کو سمجھنا چاہیے کہ جمہوری عمل میں خلل ڈالنا، آئین کے تحت عائد ذمہ داریوں کو پورا کرنے کا متبادل ہرگز نہیں ہو سکتا۔ آج بھارت اپنی تاریخ کے ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے۔ جب ہم 2047 تک ’وِکست بھارت‘کی تعمیر کے لیے کوشاں ہیں، تو دو سادہ مگر نہایت طاقتور اصول ہماری اجتماعی کوششوں کی رہنمائی کر سکتے ہیں۔ یہ اصول ہیں ہماری سوچ میں ’بھارت اوّل‘ (انڈیا فرسٹ) اور ہمارے عمل میں ’کرتویہ‘ (فرائض) کا جذبہ۔ان دونوں اصولوں کو اپنا رہنما بنا کر اور آئین کو اپنی قوت کا سرچشمہ سمجھتے ہوئے ہم آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن اور تابناک مستقبل یقینی بنا سکتے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


