ملک شام پر امریکہ کچھ حد تک مہربان ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ انسانی بحران سے دوچارملک شام پر امریکہ کچھ حد تک رحم کھاتا نظرآرہا ہے،چونکہ امریکہ نے شام کی عبوری حکومت پر کچھ پابندیوں میں نرمی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اس فیصلے سے موجودہ عبوری حکومت کو انسانی ہمدردی کی امداد کی فراہمی میں آسانی میسر ہو گی۔امریکی محکمہ خزانہ نے چھ ماہ تک برقرار رہنے والا ایک عام لائسنس جاری کیا ہے جو گزشتہ ماہ بشار الاسد کے بعد بننے والی شامی حکومت کو توانائی کی فروخت سمیت کچھ لین دین کی اجازت دیتا ہے۔
امریکی محکمہ خزانہ نے 6 ماہ تک جاری رہنے والا ایک جنرل لائسنس جاری کیا ہے، جس کے تحت شامی حکومتی اداروں کے ساتھ لین دین کی جا سکے گی، یہ استثنیٰ 7 جولائی تک برقرار رہے گی، اس دوران شام توانائی کے حصول کے لیے لین دین کر سکے گا اور ذاتی ترسیلات زر کی بھی اجازت ہوگی۔شام کو اس وقت بجلی کی شدید قلت کا سامنا ہے، زیادہ تر علاقوں میں سرکاری فراہم کردہ بجلی دن میں صرف دو یا تین گھنٹے دستیاب ہوتی ہے، نگراں حکومت کا کہنا ہے کہ اس کا ہدف دو ماہ کے اندر روزانہ 8 گھنٹے تک بجلی فراہم کرنا ہے۔
واشنگٹن میں محکمہ خزانہ نے ایک بیان میں کہا کہ جنرل لائسنس امریکی عزم کی نشاندہی کرتا ہے کہ شام پر عائد پابندیاں “بنیادی انسانی ضروریات کو پورا کرنے کی عوامی خدمات یا انسانی ہمدردی کی امداد کی فراہمی جیسی سرگرمیوں میں رکاوٹ نہ بنیں۔اسد حکومت کے خاتمے کے بعد سے ملک کے نئے ڈی فیکٹو حکام کے نمائندوں نے کہا ہے کہ نئے شام میں سب لوگوں کی شمولیت ہو گی اور ملک دنیا کے لیے کھلا ہو گا۔سابقہ حکمران اسد کے روس میں پناہ کے لیے شام سے نکلنے کے بعد سے امریکہ نے ملک پر سے بتدریج کچھ تعزیرات اٹھا لی ہیں۔
جو بائیڈن حکومت نے دسمبر میں ایک شامی باغی رہنما احمد الشرع کی گرفتاری کے لیے پیش کیے گئے ایک کروڑ ڈالر کے انعام کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔الشرع کے گروپ ہئیت تحریر الشام کے جنگجوؤں نے گزشتہ ماہ اسد کو متعدد اہم شہروں پر بجلی کی رفتار سے قبضہ کرنے کے بعد حکومت سے ہٹا دیا تھا۔شام کے نئے وزیر تجارت نے کہا ہے کہ دمشق ملک پر سخت امریکی پابندیوں کی وجہ سے ایندھن، گندم یا دیگر اہم اشیا کی درآمد کے معاہدے کرنے سے قاصر ہے۔ماہر خلیل الحسن نے دمشق میں اپنے دفتر میں رائٹرز کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ملک میں حکومت کرنے والی نئی انتظامیہ چند مہینوں کے لیے کافی گندم اور ایندھن جمع کرنے میں کامیاب ہوجائے گی لیکن پابندیاں ختم نہ ہوئیں تو شام کو “آفت” کا سامنا کرنا پڑے گا۔شاید اس چیز کا امریکہ کو بھی اندازہ تھا ،اسی لئے پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔
بھارت ایکسپریس۔