Bharat Express DD Free Dish

Syrian President Ahmed Al-Sharaa Historic Visit To US : شامی صدر احمد الشرع کا تاریخی امریکی دورہ، صدر ٹرمپ سے کریں گے ملاقات

شام کے صدر احمد الشرع تاریخی دورے پر امریکہ پہنچ گئے ہیں۔ یہ دورہ کئی حوالوں سے اہم سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ 1946 کے بعد پہلی مرتبہ کسی شامی صدر نے امریکہ کا سرکاری دورہ کیا ہے۔

شام کے صدر احمد الشرع تاریخی دورے پر امریکہ پہنچ گئے ہیں۔ یہ دورہ کئی حوالوں سے اہم سمجھا جا رہا ہے، کیونکہ 1946 کے بعد پہلی مرتبہ کسی شامی صدر نے امریکہ کا سرکاری دورہ کیا ہے۔ صدر احمد الشرع اور امریکہ کے تعلقات ماضی میں خاصے کشیدہ رہے ہیں۔ ایک وقت تھا جب امریکہ نے احمد الشرع کو دہشت گردوں کی لسٹ میں شامل کر رکھا تھا، تاہم ان کے امریکی دورے سے محض ایک دن قبل ان کا نام اس لسٹ سے باضابطہ طور پر نکال دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق، صدر احمد الشرع پیر کے روز امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنما اس سے قبل مئی 2025 میں سعودی عرب میں ایک علاقائی سربراہی اجلاس کے دوران ملے تھے۔ احمد الشرع کے زیرِ قیادت تنظیم حیات تحریر الشام (ایچ ٹی ایس) کا القاعدہ کے ساتھ پرانا تعلق رہا ہے۔ اسی بنیاد پر امریکہ اور اقوام متحدہ نے انہیں دہشت گردوں کی لسٹ میں شامل کر رکھا تھا، جبکہ امریکی حکومت نے ان کے سر کی 10 ملین ڈالر (ایک کروڑ ڈالر) کی انعامی رقم بھی مقرر کی تھی۔

تاہم اب اقوام متحدہ کی دہشت گردوں کی لسٹ سے الشرع کا نام ہٹا دیا گیا ہے، جس کے بعد وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) سے خطاب کرنے والے پہلے شامی صدر بن گئے ہیں۔ دوسری جانب برطانیہ اور یورپی یونین کی دہشت گردوں کی لسٹ میں اب بھی ایچ ٹی ایس تنظیم شامل ہے۔ اگرچہ شامی صدر پر عائد زیادہ تر بین الاقوامی پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں، لیکن 2019 میں امریکی کانگریس کی جانب سے عائد پابندیاں اب بھی برقرار ہیں۔ ان پابندیوں کو ختم کرنے کے لیے کانگریس کی منظوری درکار ہوگی۔

امریکی وزارتِ خارجہ کے ترجمان ٹامی پیگاٹ نے بیان میں کہا کہ “صدر الشرع کی حکومت امریکہ کی متعدد مطالبات پر عمل کر رہی ہے، جن میں لاپتہ امریکی شہریوں کی تلاش میں تعاون اور باقی ماندہ کیمیائی ہتھیاروں کا خاتمہ شامل ہے۔ یہ اقدامات شام میں بشارالاسد کے اقتدار کے خاتمے کے بعد سامنے آنے والی پیش رفت کا اعتراف ہیں۔”

ترجمان کے مطابق، احمد الشرع کا نام بلیک لسٹ سے ہٹائے جانے سے علاقائی امن و استحکام کو فروغ ملے گا، ساتھ ہی ایک جامع، شامی قیادت میں چلنے والے سیاسی عمل کی راہ بھی ہموار ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ 8 دسمبر 2024 کو احمد الشرع کے زیرِ قیادت حیات تحریر الشام نے بشارالاسد حکومت کا تختہ الٹ کر دمشق پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی اسد خاندان کے پچاس سالہ اقتدار کا خاتمہ ہو گیا اور احمد الشرع کو شام کا نیا صدر مقرر کر دیا گیا۔

 

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read