ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای۔
نئی دہلی: ایران میں احتجاجی مظاہرے عروج پر پہنچ چکے ہیں۔ ملک کا دنیا سے رابطہ تقریباً منقطع ہو گیا ہے۔ اسی دوران ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ دوسرے ممالک کے ہاتھوں میں نہ کھیلیں۔ گزشتہ 12 دنوں سے لوگ اپنی مختلف مطالبات کو لے کر سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔
رائٹرز کے مطابق، جمعہ کے روز حکام نے بدامنی پر قابو پانے کے لیے انٹرنیٹ خدمات معطل کر دیں، جبکہ ویڈیوز میں کئی شہروں کی سڑکوں پر حکومت مخالف مظاہروں کے دوران عمارتوں اور گاڑیوں کو آگ لگتے ہوئے دیکھا گیا۔
مظاہرین پر امریکہ کے لیے کام کرنے کا الزام
اس دوران، ایک ٹیلی ویژن خطاب میں سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے پسپا نہ ہونے کا عزم ظاہر کیا اور مظاہرین پر جلا وطن اپوزیشن گروپوں اور امریکہ کے لیے کام کرنے کا الزام عائد کیا۔ وہیں، کچھ انسانی حقوق کی تنظیموں نے ملک کے جنوبی حصے میں مظاہرین پر پولیس فائرنگ کی اطلاعات دی ہیں۔
امریکی صدر ٹرمپ کی جانب خامنہ ای کا اشارہ
خامنہ ای نے مظاہرین پر شدید تنقید کرتے ہوئے ان پر الزام لگایا کہ وہ “کسی دوسرے ملک کے صدر کو خوش کرنے کے لیے اپنی ہی سڑکوں کو برباد کر رہے ہیں۔‘‘ اس بیان کو سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر کیا گیا۔ خامنہ ای کا اشارہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب تھا، جنہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر ایرانی حکومت مظاہرین کو نشانہ بناتی ہے تو امریکہ جوابی کارروائی کرے گا۔
جلا وطن رضا پہلوی نے کی تھی احتجاج کی اپیل
ایران میں آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت والی حکومت کے خلاف عوام سڑکوں پر ہیں۔ یہ احتجاج بڑھتی مہنگائی، خراب معاشی حالات اور سکیورٹی فورسز کی سخت گیر کارروائیوں کے خلاف ہو رہا ہے۔ ایران کے جلا وطن ولی عہد شہزادہ رضا پہلوی نے جمعرات اور جمعہ کے روز مقامی وقت کے مطابق رات 8 بجے احتجاج کی اپیل کی تھی۔
انٹرنیٹ اور بین الاقوامی ٹیلی فون کال سروسز بند
8 جنوری کی رات ایران میں مظاہروں نے شدت اختیار کر لی، جس کے بعد صدر مسعود پیزشکیان کی قیادت والی ایرانی حکومت نے ملک بھر میں انٹرنیٹ اور بین الاقوامی ٹیلی فون کال سروسز بند کر دی تھیں۔ اب تک ان احتجاجی مظاہروں میں 40 سے زائد افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



