Bharat Express DD Free Dish

Khamenei Assassination: خامنہ ای کی موت کا بدلہ لینا ایران کا قانونی حق ہے: ایرانی صدر مسعود پزشکیان

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے خمنہ ای کی موت کا بدلا لینے کی بات کہی ہے۔ آئی آر جی سی نے انتقام لینے کا عہد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجیوں کی موجودگی والے 27 فوجی اڈوں اور تل ابیب میں اسرائیلی فوجی تنصیبات پر حملے شروع کر دیے ہیں۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان۔

تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور دیگر اعلیٰ ایرانی حکام کی موت کا بدلہ لینا اسلامی جمہوریہ ایران کا “فرض اور جائز حق” ہے۔ صدر پزشکیان نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ ایران اس واقعے کو ایک تاریخی جرم سمجھتا ہے اور اس میں ملوث افراد اور حملے کا حکم دینے والوں کے خلاف کارروائی کو اپنی قومی ذمہ داری تصور کرتا ہے۔

انہوں نے کہا، “اسلامی جمہوریہ ایران انصاف کے حصول اور اس تاریخی جرم کے ذمہ دار عناصر سے بدلہ لینے کو اپنا فرض اور قانونی حق سمجھتا ہے، اور اس عظیم ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے اپنی تمام تر طاقت بروئے کار لائے گا۔” ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ملک اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور قیادت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ ان کے مطابق ایران اس واقعے پر خاموش نہیں رہے گا اور مناسب وقت پر جواب دیا جائے گا۔

مسلمانوں کے خلاف کھلا اعلان جنگ

ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے کہا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا قتل مسلمانوں بالخصوص شیعہ کے خلاف کھلا اعلان جنگ ہے۔ انہوں نے اپنے لیڈر کے قتل پر تعزیت پیش کرتے ہوئے ایک تحریری پیغام میں کہا، ’’یہ المناک واقعہ آج عالم اسلام کو درپیش سب سے بڑی آزمائش ہے۔‘‘

آئی آر جی سی کا انتقام لینے کا عہد

وہیں، ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے خمنہ ای کی موت کا بدلا لینے کی بات کہی ہے۔ آئی آر جی سی نے انتقام لینے کا عہد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اس نے مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجیوں کی موجودگی والے 27 فوجی اڈوں اور تل ابیب میں اسرائیلی فوجی تنصیبات پر حملے شروع کر دیے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق قطر اور متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں مسلسل دھماکوں کی آوازیں سنی جا رہی ہیں، جس کے بعد خطے میں سکیورٹی الرٹ مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

عمان کے آئل ٹینکر پر کیا گیا حملہ

عمان کے میری ٹائم سکیورٹی سینٹر کے مطابق پالاؤ کے پرچم بردار آئل ٹینکر ’اسکائی لائٹ‘ پر عمان کے علاقے مسندم کے ساحل سے تقریباً پانچ ناٹیکل میل کے فاصلے پر حملہ کیا گیا۔ اس حملے میں چار افراد زخمی ہوئے جبکہ عملے کے تمام 20 ارکان کو محفوظ طریقے سے جہاز سے نکال لیا گیا ہے۔ واقعے کی نوعیت اور حملہ آوروں کے بارے میں فوری طور پر مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

عمان کی دقم بندرگاہ پر ڈرون حملہ

عمانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دقم بندرگاہ پر بھی ایک سکیورٹی واقعہ پیش آیا، جہاں دو ڈرونز نے بندرگاہ کو نشانہ بنایا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، ایک ڈرون مزدوروں کی رہائشی موبائل عمارت سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں ایک غیر ملکی کارکن زخمی ہوگیا۔ دوسرے ڈرون کا ملبہ فیول ٹینکوں کے قریب گرا، تاہم کسی بڑے مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ حکام کی جانب سے ان واقعات کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ خطے میں سکیورٹی خدشات میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read