Bharat Express DD Free Dish

Bangladesh to Hold Elections in February: بنگلہ دیش میں فروری میں ہوں گے عام انتخابات، عبوری سربراہ محمد یونس نے کیا اعلان

اس کا اعلان بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ اور نوبل انعام یافتہ ماہرِ معیشت پروفیسر محمد یونس نے ایک ٹیلی وژن خطاب میں کیا ہے۔

بنگلہ دیش میں گزشتہ سال وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد برسرِ اقتدار آنے والی عبوری حکومت نے ملک میں عام انتخابات آئندہ برس فروری 2026 میں کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کا اعلان بنگلہ دیش کے عبوری سربراہ اور نوبل انعام یافتہ ماہرِ معیشت پروفیسر محمد یونس نے ایک ٹیلی وژن خطاب میں کیا۔ اپنے خطاب میں محمد یونس نے کہا کہ ’’عبوری حکومت کی جانب سے میں چیف الیکشن کمشنر کو خط ارسال کروں گا، جس میں فروری 2026 میں رمضان سے قبل انتخابات منعقد کرانے کی درخواست کی جائے گی۔ ہم صاف، پرامن اور خوش گوار انتخابات کے لیے مکمل تعاون فراہم کریں گے۔‘‘

واضح رہے کہ محمد یونس نے، جو مائیکرو کریڈٹ نظام کے بانی کے طور پر عالمی شہرت رکھتے ہیں، گزشتہ برس اس وقت بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کی باگ ڈور سنبھالی تھی جب شیخ حسینہ کی حکومت کا زبردست عوامی احتجاج کے بعد تختہ پلٹ دیا گیا گیا تھا۔ ان کی ایک سالہ عبوری حکمرانی کے دوران بھی ملک میں سیاسی بے چینی، مظاہرے اور آزاد و شفاف انتخابات کے مطالبات جاری رہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی ایشیا ڈائریکٹر مینکشی گنگولی نے گزشتہ ہفتے بیان دیا کہ ’’یقیناً عبوری حکومت کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، لیکن بنگلہ دیش میں انسانی حقوق کی حقیقی بہتری کے لیے مزید ٹھوس اقدامات ضروری ہیں۔‘‘

بنگلہ دیش میں انتخابات کے بعد کی راہ بھی آسان نہیں

واضح رہے کہ عبوری حکومت نے بنگلہ دیش کی اپوزیشن جماعت عوامی لیگ پر انسداد دہشت گردی قانون کے تحت پابندی عائد کر رکھی ہے اور شیخ حسینہ کے خلاف جنگی جرائم کی عدالت میں مقدمہ جاری ہے۔ دوسری جانب بھارت میں پناہ گزین حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔ اپریل میں ایک علاقائی کانفرنس کے موقع پر محمد یونس نے وزیرِ اعظم نریندر مودی سے حسینہ کی واپسی کے لیے باضابطہ مطالبہ کیا۔

دریں اثنا متوقع انتخابات میں بنگلہ دیش نیشنل پارٹی (BNP)، جماعتِ اسلامی اور قومی شہری پارٹی جیسی پارٹیوں کے درمیان مقابلہ دیکھنے میں آ سکتا ہے۔ قومی شہری پارٹی وہی طلبہ تنظیم ہے جس نے حسینہ حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کی قیادت کی تھی۔ اس کے بعد نئی حکومت کے سامنے معیشت کی بحالی بھی ایک بڑا چیلنج ہو گا۔ ملک کو ایندھن، خوراک اور خام مال کی درآمدات کے لیے آئی ایم ایف کے قرض پروگرام پر انحصار ہے۔ جون میں آئی ایم ایف نے 1.3 ارب ڈالر کی اگلی قسط جاری کی، جس کی شرائط میں کرنسی اور ٹیکس اصلاحات شامل ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read