
اکشے کمار نے وزیر اعظم نریندر مودی کی پہل “ورلڈ آڈیو ویژول اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ” (WAVES) کو عالمی تفریحی صنعت کو تبدیل کر دینے والی ایک اہم تقریب قرار دیتے ہوئے اس کی تعریف کی ہے۔ اپنی تازہ ترین انسٹاگرام پوسٹ میں اداکار نے جلد ہی ہونے والے ’’ورلڈ آڈیو ویژول اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ 2025‘‘ کے بارے میں اپنے جوش و خروش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ یہ عالمی تفریح کے مستقبل کو نئی شکل دے گا۔ اپنے پیغام میں معروف اداکار نے اسٹوری ٹیلنگ کی دنیا میں ہندوستان کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے دنیا بھر میں فلوں کے سب سے بڑے پروڈیوسر کے طور پر ملک کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
منگل کو کھلاڑی کمار کے نام سے مشہور اکشے نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر جاکر اپنی ایک ویڈیو کو دوبارہ شیئر کیا جس میں انھوں نے وضاحت کی کہ ہندوستان کم از کم 35 زبانوں میں تیار کردہ اپنے مواد کے ساتھ عالمی میڈیا کے منظر نامے کو تشکیل دے چکا ہے اور ملک کی تفریحی صلاحیتوں میں عالمی سطح پر اثرانداز ہونے کی قابلیت ہے۔ ویڈیو میں اکشے کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے ’’ہیلو! میں اکشے کمار ہوں۔ آپ اور میں ہمیشہ سے جانتے ہیں کہ انڈین اسٹوری ٹیلنگ اور ہماری کہانیوں میں دنیا کو ہلا دینے کی طاقت ہے۔ لیکن اب پوری دنیا کے لیے اسے تسلیم کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ ہندوستان دنیا میں فلموں کا سب سے پڑا پروڈیوسر ہے اور ہم کم از کم 35 زبانوں میں مواد تیار کرتے ہیں۔‘‘
اکشے نے مزید کہا ’’ہمارا آڈیو ویژول مواد میڈیا کے منظر نامے کو تشکیل دیتا ہے اور ہماری تفریحی صلاحیتیں دنیا کو متاثر کرنے کی طاقت رکھتی ہیں۔ اس سمٹ میں ایک اہم سنگ میل حاصل ہونے والا ہے، لہٰذا ورلڈ آڈیو ویژول اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ 2025 کے لیے تیار ہوجائیں۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا اور طاقتور ذہنوں کا اجتماع ہوگا جو عالمی تفریح کے مستقبل کو بدل دے گا۔ یہیں ہمارے ہندوستان میں۔ اس کے لیے تیار رہیں۔ جے ہند۔‘‘
واضح رہے کہ یہ آڈیو ویژول اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ 2025 وزیر اعظم مودی کی قیادت میں 1 سے 4 مئی تک ممبئی کے جیو ورلڈ کنونشن سینٹر اور جیو ورلڈ گارڈن میں منعقد کیا جائے گا۔ دسمبر 2024 میں وزیر اعظم مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو خطاب ’’من کی بات‘‘ کے دوران اعلان کیا تھا کہ ہندوستان پہلی مرتبہ 5 فروری سے 9 فروری تک عالمی آڈیو ویژول انٹرٹینمنٹ سمٹ کی میزبانی کرے گا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔