رینوکاسوامی قتل کیس کے ملزم اداکار درشن
بنگلورو: کنڑ سپر اسٹار اور رینوکاسوامی قتل کیس کے ملزم درشن کو کرناٹک ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ کورٹ نے بدھ کے روز ساؤتھ اداکار درشن کو چھ ہفتوں کی عبوری ضمانت دے دی۔ منگل کے روز عدالت نے ضمانت عرضی کی سماعت کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
اداکار کی جانب سے طبی بنیادوں پر کرناٹک ہائی کورٹ سے ضمانت کی درخواست کی گئی تھی جس پر کرناٹک ہائی کورٹ نے انہیں چھ ہفتے کی ضمانت دے دی۔ اس سے پہلے منگل کے روز عدالت نے جیل میں بند کنڑ سپر اسٹار درشن کی ضمانت عرضی پر دلائل اور جوابی دلائل مکمل کرنے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
منگل کے روز سماعت کے دوران جیل میں بند اداکار کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل سی وی ناگیش نے کہا تھا کہ درشن کمر میں شدید درد میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے ان کی ٹانگیں بے حس ہو رہی ہیں اور اگر یہی صورتحال جاری رہی تو درشن کو مزید صحت سے متعلق پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
وکیل نے بتایا تھا کہ اداکار کو سلپڈ ڈسک کا مسئلہ ہے جس سے خون کی گردش میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے اور درشن کے لیے سرجری لازمی ہو گئی ہے، کیونکہ اِس کا علاج دوسرے طریقوں سے نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ابتدائی ضمانت کی درخواست جمع کرواتے وقت صحت کے مسئلے کا ذکر نہیں کیا گیا تھا، لیکن اس کے بعد سے طبیعت بگڑ گئی جس کے باعث انہیں طبی بنیادوں پر ضمانت لینے پر مجبور ہونا پڑا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ اداکار مداح کے قتل کیس میں گزشتہ چار ماہ سے جیل میں ہیں۔
درشن، پوترا گوڑا اور 15 دیگر کو 11 جون کو چِتردرگا سے رینوکاسوامی کے اغوا اور بے رحمی سے قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
بھارت ایکسپریس۔