Bharat Express DD Free Dish

کانگریس نے سماجوادی پارٹی کی 26 سیٹوں کی پیشکش کردی مسترد، راجیندر پال گوتم نے کہا- ہمیں 100سیٹیں ملنی چاہئیں

سماج وادی پارٹی کی 26 سیٹوں کی پیشکش پر کانگریس نے 100 سے زائد سیٹوں کا مطالبہ دہرایا، ریاستی انچارج راجندر پال گوتم نے پیشکش مسترد کردی، جبکہ ایس پی نے 2 سے 4 سیٹیں بڑھانے کے اشارے دیے۔ اتحاد پر دونوں پارٹیوں کے درمیان اختلافات بڑھ گئے۔

سماج وادی پارٹی (ایس پی) اورکانگریس کے درمیان سیٹوں کی تقسیم سے متعلق تنازعہ بڑھتا جا رہا ہے۔ سماجوادی پارٹی کی جانب سے کانگریس کو26 سیٹوں کی پیشکش کئے جانے کی بات سامنے آنے کے بعد کانگریس نے اسے مسترد کردیا ہے۔ اترپردیش کے کانگریس انچارج راجیندرپال گوتم نے واضح طورپرکہا ہے کہ پارٹی کودوہندسوں میں نہیں، بلکہ تین ہندسوں میں سیٹیں ملنی چاہئیں۔ یعنی کانگریس کم ازکم 100 سیٹوں پراپنی دعویداری سے پیچھے ہٹنے کوتیارنہیں ہے۔

دوسری طرف سماجوادی پارٹی کی جانب سے واضح اشارے دیئے جا رہے ہیں کہ 26 سیٹوں کی فہرست تیارہے اوربات چیت کے دوران اس میں صرف 2 سے 4 سیٹوں کا اضافہ ہوسکتا ہے۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ کیا دونوں پارٹیوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کا فارمولہ طے ہوپائے گا یا اتحاد کی راہ مزید مشکل ہوتی جائے گی؟

کانگریس نے 26 سیٹوں کی پیشکش مسترد کردی

کانگریس کے اترپردیش انچارج راجیندرپال گوتم نے سماج وادی پارٹی کی 26 سیٹوں کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے لیے دو ہندسوں میں نہیں، بلکہ تین ہندسوں میں سیٹیں ملنا ہی باعزت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی کوسیٹوں کے معاملے میں جلد بازی سے گریزکرنا چاہئے۔ عمران مسعود کی ناراضگی کو بھی انہوں نے جائزقراردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ عمران مسعود سہارنپورسے رکن پارلیمنٹ ہیں اوران کی بات کوسنجیدگی سے لیا جانا چاہئے۔ راجیندرپال گوتم نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی سماج وادی پارٹی نے کئی سیٹوں پراپنے امیدوارواپس لیے تھے۔ دونوں پارٹیوں کوتحمل سے کام لینا چاہئے اورسیٹوں پرحتمی فیصلہ دونوں پارٹیوں کی قیادت کوکرنا چاہئے۔ کانگریس کا موقف واضح ہے کہ وہ 26 سیٹوں پرسمجھوتہ نہیں کرے گی۔ پارٹی کم ازکم 100 سیٹوں پرانتخابات لڑنے کا مطالبہ کررہی ہے۔

سماجوادی پارٹی کا جواب- 26 سیٹوں کی فہرست تیار

کانگریس کے مطالبے کے درمیان سماج وادی پارٹی کی جانب سے بھی سخت موقف اختیارکیا جا رہا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ایس پی سنگھ پٹیل نے کہا کہ 26 سیٹوں کی فہرست تیارہوچکی ہے اوروہی رہے گی۔ تاہم، بات چیت کے دوران 2 سے 4 سیٹیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیدوارتواتارنے ہی ہیں، پھرپارٹی کب کام کرے گی؟ عمران مسعود پرسوال اٹھاتے ہوئے ایس پی سنگھ پٹیل نے کہا کہ انہیں خود اپنی تعریف کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔ کانگریس چاہے تواپنے امیدواراتاردے، ایس پی بھی پیچھے ہٹنے والی نہیں ہے۔ انہوں نے طنزکرتے ہوئے کہا کہ اگرکانگریس یہ سوچ رہی ہے کہ ایس پی اسے 2 سے صفرپرپہنچا دے گی، توایسا نہیں ہے کہ ایس پی پیچھے رہ جائے گی۔ انہوں نے کانگریس سے کہا کہ خود کوبھکاری نہیں بتانا چاہئے۔ ایس پی سنگھ پٹیل نے راہل گاندھی سے اکھلیش یادوکے ساتھ بات چیت کرنے کی اپیل بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی بات کریں گے تو 2 سے 4 سیٹیں مزید بڑھ سکتی ہیں، ورنہ کانگریس کو26 سیٹوں پرہی انتخابات لڑنے ہوں گے۔ انہوں نے بی جے پی کے اتحادیوں کے درمیان جاری رسہ کشی کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ وہاں بھی اوم پرکاش راج بھرجیسے لیڈرزیادہ سیٹوں کا مطالبہ کررہے ہیں، لیکن کانگریس کا اپنی حد سے زیادہ سیٹیں مانگنا غلط ہے۔

عمران مسعود نے کہا- اتحاد کے تئیں سنجیدہ نہیں ہے سماجوادی پارٹی

ایس پی کی جانب سے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کیے جانے اور 26 سیٹوں کی پیشکش کو لے کر کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس پی کا یہ قدم بی جے پی کو شکست دینے کی سمت میں نہیں ہے۔ انہیں سمجھ نہیں آرہا ہے کہ کس بات کو لے کر فہرست جاری کی گئی ہے۔ عمران مسعود نے کہا کہ 2022 میں بھی یہی کام کیا گیا تھا۔ ایس پی کو خود سمجھنا چاہیے کہ اس طرح کے فیصلے سے کیا پیغام جا رہا ہے۔ عمران مسعود نے کہا کہ ایس پی اتحاد کے تئیں بالکل سنجیدہ نظر نہیں آرہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس کے سامنے کوئی پیشکش نہیں رکھی گئی ہے۔ جب دہلی میں بات چیت ہو رہی ہے اور لکھنؤ سے امیدواروں کا اعلان کیا جا رہا ہے تو پھر اتحاد کی میٹنگوں کا کیا مطلب رہ جاتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ اب کانگریس کی پارٹی قیادت ہی طے کرے گی کہ آگے کیا کرنا ہے۔ عمران مسعود نے بی جے پی کو شکست دینے کی ضمانت راہل گاندھی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں بی جے پی کو ہرانے کی ضمانت راہل گاندھی ہیں۔ ان کے بیان سے واضح ہے کہ کانگریس 26 سیٹوں کی پیشکش قبول کرنے کے موڈ میں نہیں ہے۔

ایس پی نے کہا- جیتی ہوئی سیٹوں پر اتارے ہیں امیدوار

سماجوادی پارٹی کی پہلی فہرست پراٹھنے والے سوالات کے درمیان پارٹی کے راجیہ سبھا رکن رام جی لال سمن نے دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ جن سیٹوں پر امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے، وہ ایس پی کی جیتی ہوئی سیٹیں ہیں اور وہاں پارٹی کے اراکین اسمبلی موجود ہیں۔ ایسے میں اتنا ہنگامہ کیوں ہورہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ پارٹی کوآخرکاراپنی سیٹوں پرانتخابات تولڑنے ہی ہیں، چاہے امیدواروں کا اعلان پہلے ہو یا بعد میں۔ رام جی لال سمن نے کہا کہ ایس پی اور کانگریس کے درمیان دو دن کی بات چیت کافی مثبت رہی ہے۔ کانگریس سے ان کی اپیل ہے کہ دونوں پارٹیاں جتنا عملی اندازمیں سوچیں گی، اتحاد اتنی جلدی ہوسکے گا اور اس کے نتائج بھی اچھے ہوں گے۔

بھارت ایکسپریس اردو-



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read