نئی دہلی: ہندوستان اور نیپال نے پیر کو ساؤتھ ایشیا سیٹلائٹ کے استعمال کے ذریعے سیٹلائٹ کمیونی کیشن (سیٹ کام) نیٹ ورک قائم کرنے کے لیے ایک اہم مفاہمت نامے پر دستخط کیے۔ اس کے علاوہ پائیدار شہری ترقی، مویشی پروری اور ماہی پروری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے بھی کئی معاہدے کیے گئے۔ یہ معاہدے نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ کے موجودہ دورۂ نئی دہلی کے دوران کیے گئے مجموعی طور پر آٹھ مفاہمت ناموں کا حصہ ہیں۔ سیٹ کام نیٹ ورک سے متعلق معاہدہ ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) اور نیپال حکومت کے درمیان ہوا ہے۔ اس کا مقصد ساؤتھ ایشیا سیٹلائٹ کی مواصلاتی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان رابطے اور معلومات کے تبادلے کو مضبوط بنانا ہے۔
ہندوستان نے 450 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا تھا سیٹلائٹ
ہندوستان نے علاقائی تعاون کو فروغ دینے کے مقصد سے ساؤتھ ایشیا سیٹلائٹ (جی سیٹ-9) خلا میں روانہ کیا تھا۔ اس منصوبے کی مکمل مالی اعانت ہندوستان نے کی تھی، جبکہ سیٹلائٹ کی تیاری اسرو نے انجام دی تھی۔ اس منصوبے پر تقریباً 450 کروڑ روپے خرچ ہوئے تھے، جس میں سیٹلائٹ کی تیاری پر تقریباً 235 کروڑ روپے کی لاگت آئی تھی۔ تقریباً 2230 کلوگرام وزنی یہ مواصلاتی سیٹلائٹ ایسے علاقوں میں بھی مؤثر مواصلاتی، نشریاتی اور انٹرنیٹ خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جہاں جغرافیائی دشواریاں زیادہ اور تکنیکی وسائل محدود ہیں۔ ساؤتھ ایشیا سیٹلائٹ ڈائریکٹ ٹو ہوم (ڈی ٹی ایچ) خدمات، موسم سے متعلق معلومات، آفات کے انتظام اور علاقائی مواصلاتی نیٹ ورک کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے ذریعے شریک ممالک کو دور دراز علاقوں میں تعلیم، بینکنگ خدمات، ٹیلی میڈیسن، قدرتی وسائل کی نقشہ سازی اور موسم کی پیش گوئی جیسی سہولتوں کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ قدرتی آفات کے دوران معلومات کے تیز رفتار تبادلے اور راحت و بچاؤ کے کاموں میں بہتر تال میل قائم کرنے کے لیے بھی یہ سیٹلائٹ مفید ثابت ہوسکتا ہے۔
چھ شریک ممالک کے لیے 12 کے یو بینڈ ٹرانسپونڈر
ساؤتھ ایشیا سیٹلائٹ میں 12 کے یو بینڈ ٹرانسپونڈر موجود ہیں، جنہیں چھ شریک ممالک اپنی مواصلاتی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔ ہر رکن ملک کو ایک ٹرانسپونڈر فراہم کیا جاتا ہے، جس کے ذریعے وہ مشترکہ جنوبی ایشیائی پروگراموں کے علاوہ اپنے ملک کے پروگرام بھی نشر کرسکتا ہے۔ ان خدمات سے استفادہ کرنے کے لیے متعلقہ ممالک کو اپنا گراؤنڈ انفراسٹرکچر تیار کرنا ہوگا۔ ہندوستان نے اس سلسلے میں ضروری تکنیکی مدد اور مہارت فراہم کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔ یہ سیٹلائٹ زمین کے گرد اپنے جیو سنکرونس ٹرانسفر آربٹ (جی ٹی او) میں گردش کر رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




