نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو اعلان کیا کہ ہندوستان، نیپال میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کا ایک آف شور کیمپس قائم کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی وہاں اسٹارٹ اَپ انکیوبیٹر اور انوویشن ہب بھی قائم کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد نیپالی نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی اور تکنیکی تعاون کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ حیدرآباد ہاؤس میں نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کے بعد مشترکہ پریس بیان میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان، نیپال کی نوجوان نسل کی امنگوں اور خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے تعاون کرنے کا پابند ہے۔ انہوں نے کہا ’’نیپال کے نوجوان صلاحیتوں، توانائی اور بڑے خوابوں سے بھرپور ہیں۔ ہندوستان ان کے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے شراکت داری کے عزم کے ساتھ کھڑا ہے۔ اس مقصد کے تحت ہم نیپال میں اسٹارٹ اَپ انکیوبیٹر، انوویشن ہب اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کا آف شور کیمپس قائم کریں گے۔‘‘
نیپالی طلبہ کے لیے اسکالرشپ کے مواقع میں اضافہ
وزیر اعظم نے نیپالی طلبہ کے لیے ہندوستان میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع بڑھانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نیپالی طلبہ کے لیے اسکالرشپ کے مواقع میں توسیع کی جائے گی۔ انہوں نے نیپال میں فوڈ پروسیسنگ اور زرعی مصنوعات کی قدر میں اضافے کے لیے ایک ایگرو انڈسٹریل پارک کی ترقی میں بھی تعاون کا اعلان کیا۔ مودی نے کہا کہ دونوں ممالک کے نوجوان فلموں، جدید ٹیکنالوجی اور نئے میڈیا کے ذریعے اپنے مشترکہ ورثے کو عالمی سطح پر پیش کرنے کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں ہندوستان آئندہ ویوز (WAVES) سمٹ میں نیپال کے ایک بڑے وفد کی میزبانی کرے گا۔ اس کے علاوہ کھیلوں، خصوصاً کرکٹ کے شعبے میں بھی تعاون بڑھایا جائے گا، جس کے تحت نیپال میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور کھلاڑیوں کی تربیت میں مدد فراہم کی جائے گی۔
24 ہزار کروڑ نیپالی روپے کا ترقیاتی تعاون پیکیج
اس سے قبل وزیر اعظم مودی نے نیپال میں سیلاب کے بعد بازآبادکاری اور طویل مدتی ترقی کے لیے 24 ہزار کروڑ نیپالی روپے کے ترقیاتی تعاون پیکیج کا اعلان کیا۔ انہوں نے اگست میں نیپال میں آنے والے شدید سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی اموات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی ظاہر کی۔ مودی نے کہا کہ اس پیکیج کا مقصد متاثرہ خاندانوں کی زندگی کو دوبارہ معمول پر لانا، نئے مواقع پیدا کرنا اور مستقبل میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے نیپال کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
بالیندر شاہ کے دورۂ ہندوستان کا خیرمقدم
وزیر اعظم مودی نے نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ کا ہندوستان کے پہلے دوطرفہ دورے پر خیرمقدم کیا۔ انہوں نے شاہ کی قیادت اور اس سال نیپال کے عوام کی جانب سے انہیں دیے گئے تاریخی انتخابی مینڈیٹ کی ستائش کی۔ مودی نے کہا کہ چند ماہ قبل اقوام متحدہ میں دنیا کے سب سے کم عمر وزیر اعظم کی حیثیت سے بالیندر شاہ کے خطاب میں ان کے وژن کی واضح جھلک نظر آئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران ہونے والی بات چیت سے بھی انہیں نیپال کے مستقبل اور ہندوستان۔نیپال تعلقات کے حوالے سے شاہ کے واضح وژن اور عزم کا احساس ہوا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نیپال کے عوام کی جانب سے شاہ کو دیا گیا تاریخی مینڈیٹ نئی نسل کی امیدوں اور امنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے دونوں پڑوسی ممالک کے تعلقات کو گہری رشتہ داری اور ناقابلِ شکست اعتماد پر مبنی قرار دیا۔ واضح رہے کہ بالیندر شاہ کے وزیر اعظم بننے کے بعد یہ ان کا ہندوستان کا پہلا دوطرفہ دورہ ہے۔ اس دورے کے دوران دونوں ممالک نے مشترکہ وژن دستاویز بھی جاری کی، جسے وزیر اعظم مودی نے ’وکست بھارت‘ اور ’سمُنّت نیپال‘ کے مشترکہ اہداف کے حصول کا لائحہ عمل قرار دیا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




