نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش نے اتوار کو ایودھیا کے رام مندر میں عقیدت مندوں کی جانب سے دیے گئے چندے اور نذرانوں میں مبینہ خرد برد کے معاملے کی سپریم کورٹ کی نگرانی میں آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اتر پردیش حکومت ٹرسٹ کے سینئر عہدیداروں کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں جے رام رمیش نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے میں تاخیر پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے پوچھا کہ چمپت رائے، انل مشرا اور گوپال راؤ کے نام ملزمان کے بجائے گواہوں کی فہرست میں کیوں شامل کیے گئے؟ انہوں نے کہا کہ رام مندر میں نذرانوں کی چوری کے معاملے میں 74 ہزار صفحات پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی گئی ہے، لیکن اصل سوال یہ ہے کہ آیا اس میں چوری کے تمام واقعات کی مکمل تفصیلات موجود ہیں یا صرف آٹھ ملازمین کو ملزم بنا کر بااثر افراد کو بچانے کی کوشش کی گئی ہے۔
چوری کی ویڈیو ملنے کے باوجود ایف آئی آر میں تاخیر کیوں؟
جے رام رمیش نے چارج شیٹ کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ 4 جون 2026 کی رات چوری کی ایک ویڈیو واٹس ایپ کے ذریعے چمپت رائے کو بھیجی گئی تھی۔ اس ویڈیو میں باتھ روم میں 2 لاکھ 25 ہزار روپے کی نقد رقم کے بنڈل رکھے دکھائی دے رہے تھے۔ پیغام میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ کئی دنوں سے چوری کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 5 جون کو انل مشرا، گوپال جی اور نریندر جی نے چمپت رائے کی رہائش گاہ پر لیپ ٹاپ کے ذریعے چوری کی ویڈیو دیکھی تھی۔ اس کا مطلب ہے کہ چوری کے شواہد ٹرسٹ کے اعلیٰ عہدیداروں تک پہنچ چکے تھے، اس کے باوجود ایف آئی آر 25 جون کو درج کی گئی۔ جے رام رمیش نے سوال کیا کہ ویڈیو موصول ہونے کے بعد 21 دن تک کوئی کارروائی کیوں نہیں ہوئی اور اس تاخیر کا ذمہ دار کون ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ ایف آئی آر درج ہونے اور گرفتاریاں شروع ہونے کے بعد بھی ملزمان نہ تو فرار ہوئے اور نہ ہی غائب ہوئے۔ ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ آیا انہیں یقین تھا کہ ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوگی؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس بات کی بھی تحقیقات کی جائیں کہ چوری کے شواہد حاصل کرنے والے اور مبینہ برآمدگی کے وقت موجود ٹرسٹ کے سینئر عہدیداروں کا اس معاملے میں کیا کردار تھا۔
2021 کے زمین سودے پر بھی کانگریس نےاٹھائے سوال
کانگریس رہنما نے رام مندر ٹرسٹ کے لیے خریدی گئی زمین کی قیمت میں مبینہ اضافے کے الزامات کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق، 2021 میں یہ الزام سامنے آیا تھا کہ دو کروڑ روپے میں خریدی گئی زمین محض 10 منٹ بعد 18.5 کروڑ روپے میں ٹرسٹ کو فروخت کر دی گئی۔ جئے رام رمیش نے کہا کہ چمپت رائے نے ٹرسٹ کی جانب سے یہ زمین خریدی تھی، جبکہ انل مشرا کو اس سودے کا گواہ بتایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی کانگریس نے سپریم کورٹ کی نگرانی میں تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ دسمبر 2021 میں کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی سپریم کورٹ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے حکومت کی تحقیقات پر سوال اٹھائے تھے۔ حکومت نے اس معاملے کی جانچ کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی، لیکن اس کی رپورٹ اب تک عوام کے سامنے نہیں لائی گئی۔ جئے رام رمیش نے سوال کیا کہ آخر اس رپورٹ کو منظر عام پر کیوں نہیں لایا گیا؟
کانگریس کے پانچ سوال، آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ
جے رام رمیش نے حکومت سے پانچ سوالات کے جواب طلب کیے ہیں۔ ان میں 4 جون کو چوری کی ویڈیو موصول ہونے اور 5 جون کو اسے دیکھے جانے کے باوجود 25 جون تک ایف آئی آر درج نہ کرنے کی وجہ، سنتوش دوبے کی جانب سے 200 کروڑ روپے سے زیادہ کی خرد برد کے الزام پر ایف آئی آر درج نہ کیے جانے کا سبب، 2021 کے زمین سودوں کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی کی رپورٹ کو عام نہ کرنے کی وجہ، چوری کے 304 واقعات کی تاریخ وار سی سی ٹی وی تفصیلات اور مکمل تحقیقاتی ریکارڈ منظر عام پر نہ لانے کا معاملہ شامل ہے۔ انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ ٹرسٹ کے اعلیٰ عہدیداروں کے کردار اور ان کی جواب دہی کا تعین کس نے کیا؟ کانگریس نے مطالبہ کیا ہے کہ تحقیقات سپریم کورٹ کی نگرانی میں ہوں اور تحقیقاتی ٹیم براہ راست عدالت کو رپورٹ پیش کرے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا دائرہ صرف آٹھ ملازمین تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ ٹرسٹ کے انتظامی امور اور ذمہ دار عہدوں پر فائز ہر شخص کے کردار کی جانچ کی جانی چاہیے۔ واضح رہے کہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے ستمبر میں اس معاملے میں چارج شیٹ داخل کی تھی، جس میں اویناش شکلا، انکلپ مشرا، لوکش مشرا، منیش کمار یادو، کرونیش پانڈے، راما شنکر مشرا، سبھاش سریواستو اور راما شنکر عرف ٹنّو سمیت آٹھ افراد کو ملزم بنایا گیا ہے۔ اس معاملے میں تقریباً 98 افراد کو گواہ کے طور پر شامل کیا گیا ہے، جن میں شری رام جنم بھومی تیرتھ شیتر ٹرسٹ کے اس وقت کے جنرل سکریٹری چمپت رائے، انل مشرا اور گوپال جی بھی شامل ہیں۔ رام مندر کے چندے میں مبینہ خرد برد کا یہ معاملہ اتر پردیش میں سیاسی تنازع کا سبب بنا ہوا ہے، جہاں 2027 میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



