Bharat Express DD Free Dish

Fire Incident on Diwali Festival: مدھیہ پردیش میں دیوالی کی رات آگ کا قہر، دو ماہ کے معصوم سمیت 12 افراد ہلاک

کٹنی اور سیونی اضلاع میں دیوالی کی رات آگ لگنے کے دو الگ الگ حادثات پیش آئے، جن میں دو ماہ کے معصوم بچے سمیت 12 افراد کی موت ہوگئی۔ دونوں حادثات میں دو خاندانوں کے چھ، چھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ مرنے والوں میں بچے، خواتین اور بزرگ بھی شامل ہیں۔ ان واقعات کے بعد دونوں علاقوں میں غم و اندوہ کی فضا چھا گئی ہے۔

مدھیہ پردیش کے کٹنی اور سیونی اضلاع میں دیوالی کی رات آگ لگنے کے دو الگ الگ حادثات پیش آئے، جن میں دو ماہ کے معصوم بچے سمیت 12 افراد کی موت ہوگئی۔ دونوں حادثات میں دو خاندانوں کے چھ، چھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ مرنے والوں میں بچے، خواتین اور بزرگ بھی شامل ہیں۔ ان واقعات کے بعد دونوں علاقوں میں غم و اندوہ کی فضا چھا گئی ہے۔

کٹنی میں تین منزلہ عمارت آگ کی لپیٹ میں آگئی

آگ لگنے کا پہلا حادثہ کٹنی ضلع کے برہی قصبے میں پیش آیا، جہاں آدھی رات کے قریب ایک تین منزلہ عمارت میں اچانک بھیانک آگ لگ گئی۔ عمارت کے نچلے حصے میں کراکری کی دکان تھی، جبکہ اوپری منزلوں پر اگروال خاندان کے افراد سو رہے تھے۔ دکان سے اٹھنے والی آگ تیزی سے اوپری منزلوں تک پھیل گئی۔ عمارت میں دھواں بھر جانے اور آگ کی شدت بڑھنے کے باعث خاندان کے افراد اندر ہی پھنس گئے اور انہیں باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔ اس حادثے میں اگروال خاندان کے چھ افراد کی موت ہوگئی۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت پورن اگروال (77)، ان کی اہلیہ چندرکلا (74)، بہو پونم (35)، آریا (14)، انوی (6) اور دو ماہ کے ایک شیرخوار بچے کے طور پر ہوئی ہے۔

دیوار توڑ کر نکالی گئیں لاشیں

حادثے کے دوران خاندان کے دو دیگر افراد کسی طرح عمارت سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ اس کے بعد پوری رات بچاؤ مہم جاری رہی۔ پورن اگروال کی لاش صبح تقریباً 4:30 بجے باہر نکالی گئی، جبکہ دیگر پانچ افراد کی لاشیں صبح تقریباً 6:30 بجے برآمد ہوئیں۔ امدادی کارکنوں نے جے سی بی مشین کی مدد سے عمارت کی دیوار توڑ کر لاشوں کو باہر نکالا۔پولیس کے سب ڈویژنل افسر وریندر نروے نے بتایا کہ فی الحال آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ دیے سے یا شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی ہو، تاہم اصل وجہ کی تصدیق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گی۔دوسری جانب مقامی لوگوں نے فائر بریگیڈ کی کارروائی میں لاپروائی کے الزامات بھی لگائے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ برہی سے پہنچنے والی فائر بریگیڈ گاڑی کا پائپ خراب تھا۔ وہیں وجے راگھو گڑھ سے آنے والی گاڑی کے پائپ میں بھی خرابی کی بات کہی گئی ہے۔ بعد میں کیمور اور کٹنی میونسپل کارپوریشن کی فائر بریگیڈ گاڑیاں بھی موقع پر پہنچیں، جس کے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا۔

سیونی میں صرافہ کاروباری کے گھر میں آتشزدگی، چھ افراد ہلاک

آگ لگنے کا دوسرا حادثہ سیونی ضلع کے چھپارا قصبے کے مہاویر وارڈ میں پیش آیا۔ یہاں پیر کی علی الصباح تقریباً 3 بجے صرافہ کاروباری کندن سونی کے گھر میں آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں خاندان کے چھ افراد کی موت ہوگئی۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت کندن لال سونی (75)، راج کماری سونی (65)، ریتو سونی (42)، اسمرتی سونی (40)، سوریا سونی (45) اور آدتیہ سونی (16) کے طور پر ہوئی ہے۔حادثے کے وقت گھر میں مجموعی طور پر 10 افراد موجود تھے۔ ان میں سے چار افراد کو بحفاظت باہر نکال کر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ زخمیوں میں دو نابالغ بچے بھی شامل ہیں۔ لکھنادون کے ایس ڈی او پی اپوروا بھلاوی نے بتایا کہ آگ لگنے کے وقت خاندان کے تمام افراد سو رہے تھے، جس کی وجہ سے انہیں سنبھلنے اور گھر سے باہر نکلنے کا زیادہ موقع نہیں مل سکا۔دونوں حادثات میں آگ لگنے کی وجوہات کا فی الحال پتہ نہیں چل سکا ہے۔ پولیس دونوں معاملات کی تحقیقات کررہی ہے۔ دیوالی جیسے خوشی کے تہوار کی رات پیش آنے والے ان دو بڑے حادثات نے ایک بار پھر آتشزدگی سے بچاؤ کے انتظامات اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے سرکاری محکموں کی تیاریوں پر سنگین سوالات کھڑے کردیے ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read