نئی دہلی: : وزیراعظم نریندر مودی نے بھارت رتن اور ’سُروں کی ملکہ‘ لتا منگیشکر کے یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستانی موسیقی کی دنیا میں لتا دیدی کی بے مثال خدمات نسل در نسل ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا، ’’اپنی خداداد گائیکی کی صلاحیت سے دنیا میں ملک کا نام روشن کرنے والی محترمہ لتا دیدی کو ان کی جینتی (یوم پیدائش) پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے ہندوستان کو نہ صرف اپنی مدھر آواز سے سجایا اور سنوارا بلکہ ملک کی خوشحالی سے جڑے ہر قدم کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی۔ ہندوستانی موسیقی کی دنیا میں ان کی بے مثال خدمات یگوں تک یاد رکھی جائیں گی۔‘‘
اوم برلا نے بھی پیش کیا خراج عقیدت
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے بھی لتا منگیشکر کی جینتی پر انہیں یاد کیا۔ انہوں نے کہا، ’’لتا جی ہندوستانی موسیقی کی لازوال شناخت ہیں۔ اپنے غیر معمولی موسیقی کے سفر میں انہوں نے متعدد ہندوستانی زبانوں میں ہزاروں گیتوں کو اپنی آواز دی اور ہندوستانی فلمی موسیقی کو ایسی شناخت عطا کی جس کی گونج ملک کی سرحدوں سے بہت آگے تک پہنچی۔‘‘ اوم برلا نے اپنی پوسٹ میں مزید کہا کہ لتا جی کی آواز میں ہندوستانی موسیقی کی مٹھاس، کلاسیکی انداز، جذبات اور روح کا حیرت انگیز امتزاج تھا۔ کئی دہائیوں تک انہوں نے ہندی سنیما کی موسیقی کو نئی بلندیوں تک پہنچایا اور بے شمار گیتوں کو لازوال بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ لتا جی کو ان کی جینتی پر یاد کرنا ہندوستانی موسیقی کی اس عظیم روایت کو سلام پیش کرنا ہے، جسے انہوں نے اپنی ریاضت، نظم و ضبط اور صلاحیت سے مزید مالا مال کیا۔
ارجن رام میگھوال نے بھی پیش کیا خراج عقیدت
مرکزی وزیر مملکت برائے قانون و انصاف (آزادانہ چارج) ارجن رام میگھوال نے لتا منگیشکر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا، ’’موسیقی کی دنیا کی عظیم فنکار اور ’بھارت رتن‘ لتا منگیشکر کی جینتی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ لتا جی نے اپنی بے مثال موسیقی کی ریاضت سے نہ صرف فلمی دنیا کو مالا مال کیا بلکہ ہندوستانی موسیقی کو عالمی سطح پر ایک منفرد شناخت بھی دلائی۔ انہوں نے کہا کہ لتا منگیشکر کی بے مثال اور مسحور کن آواز ہماری یادوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔
منوہر لال نے بھی لتا منگیشکر کو کیا یاد
مرکزی وزیر برائے ہاؤسنگ و شہری امور منوہر لال نے بھی ’بھارت رتن‘ لتا منگیشکر کی جینتی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ لتا جی نے اپنی غیر معمولی موسیقی کی ریاضت سے نہ صرف فلمی دنیا کو مالا مال کیا بلکہ ہندوستانی موسیقی کو عالمی سطح پر ایک منفرد شناخت دلائی۔ منوہر لال نے کہا کہ لتا منگیشکر کی بے مثال اور مسحور کن آواز لوگوں کی یادوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


