بیکانیر: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو راجستھان کے بیکانیر ضلع میں بھارت۔پاکستان سرحد پر واقع سانچو بارڈر آؤٹ پوسٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بارڈر سکیورٹی فورس کے جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر امت شاہ نے کہا کہ بی ایس ایف کے جوان ہر موسم اور ہر مشکل حالات میں ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرتے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنہ 1965 کی جنگ میں پاکستان کو سانچو سیکٹر سے شکست کے بعد پیٹھ دکھا کر بھاگنا پڑا تھا اور بھارتی جوانوں نے بہادری کی نئی مثال قائم کی تھی۔
امت شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بی ایس ایف کے قیام کے بعد سے سرحدی محافظوں نے شدید گرمی، سخت سردی اور دشوار گزار علاقوں میں ملک کی حفاظت کا فریضہ انجام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برف سے ڈھکے پہاڑوں سے لے کر صحرائی علاقوں تک، جہاں درجہ حرارت منفی 45 ڈگری سے لے کر 45 ڈگری سیلسیس تک پہنچ جاتا ہے، وہاں بھی جوان پوری مستعدی کے ساتھ تعینات رہتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بی ایس ایف نے ہمیشہ فرض شناسی، قربانی اور بہادری کا مظاہرہ کیا ہے اور ملک کے عوام ان کی خدمات کے معترف ہیں۔
#WATCH | Rajasthan | Union Home Minister Amit Shah interacts with BSF personnel in Bikaner pic.twitter.com/WeHRYPNN6W
— ANI (@ANI) May 26, 2026
انہوں نے ”آپریشن سندور“ کے دوران بی ایس ایف کے کردار کی بھی تعریف کی۔ امت شاہ نے کہا کہ اس آپریشن کے دوران جہاں جہاں بی ایس ایف نے مورچہ سنبھالا، وہاں جوان نہ صرف اپنی جگہ مضبوطی سے ڈٹے رہے بلکہ سرحدی علاقوں میں رہنے والے شہریوں کا حوصلہ بھی بلند رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر بی ایس ایف کے اہلکاروں نے پاکستان کو منہ توڑ جواب بھی دیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سنہ 1965 کی جنگ میں سانچو سیکٹر ایک اہم محاذ تھا جہاں پاکستانی فوج کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرحدی محافظوں نے ہر دور میں ملک کی سرحدوں کو محفوظ رکھنے کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ امت شاہ نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت نے بی ایس ایف کے اختیارات اور دائرہ کار میں اضافہ کیا ہے تاکہ سرحدی سلامتی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سرحد پار سے ہونے والی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق حکومت کی نظر سرحد کے اُس پار پیدا ہونے والے ہر خطرے پر ہے اور ہر قسم کی دراندازی یا اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ امت شاہ نے کہا کہ نئی نسل کو بھی قومی سلامتی اور سرحدی تحفظ کی اہمیت سے آگاہ کرنا ضروری ہے تاکہ ملک کی حفاظت کا جذبہ ہمیشہ برقرار رہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
