نئی دہلی: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جون اور جولائی میں خالی ہونے والی راجیہ سبھا کی 24 نشستوں پر 18 جون 2026 کو انتخابات کرانے کا اعلان کر دیا ہے۔ کمیشن کے مطابق ان نشستوں پر موجودہ 24 اراکین پارلیمنٹ کی مدت کار 21 جون سے 19 جولائی کے درمیان مختلف تاریخوں میں ختم ہو رہی ہے، جس کے بعد نئے اراکین کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کرائی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ نشستیں ملک کی 10 ریاستوں میں خالی ہو رہی ہیں۔ ان میں آندھرا پردیش، گجرات اور کرناٹک سے چار، چار نشستیں شامل ہیں، جبکہ مدھیہ پردیش اور راجستھان سے تین، تین سیٹیں خالی ہوں گی۔ اس کے علاوہ جھارکھنڈ سے دو جبکہ منی پور، میگھالیہ، اروناچل پردیش اور میزورم سے ایک، ایک نشست پر انتخاب ہوگا۔
کمیشن کے مطابق انتخابی عمل یکم جون سے شروع ہوگا۔ اسی دن سے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی داخل کر سکیں گے۔ نامزدگی فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 جون مقرر کی گئی ہے، جبکہ 9 جون کو کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ امیدوار 11 جون تک اپنے نام واپس لے سکیں گے۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ 18 جون کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ووٹنگ کا عمل جاری رہے گا۔ ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد اسی روز شام 5 بجے تک ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا اور نتائج کا اعلان بھی کر دیا جائے گا۔
راجیہ سبھا انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے خصوصی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ کمیشن کے مطابق بیلٹ پیپر پر ترجیحی ووٹ درج کرنے کے لیے صرف وائلٹ یعنی جامنی رنگ کے اسکیچ پین کا استعمال کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں تمام ریٹرننگ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ پولنگ کے دوران صرف جامنی رنگ کا قلم ہی فراہم کیا جائے۔ کسی دوسرے رنگ کے پین کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی اور ایسا کرنے کی صورت میں ووٹ مسترد کیا جا سکتا ہے۔ سیاسی ماہرین کے مطابق ان انتخابات کے نتائج راجیہ سبھا میں مختلف جماعتوں کی طاقت کے توازن پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ خاص طور پر ان ریاستوں میں جہاں اسمبلی میں عددی برتری معمولی فرق سے موجود ہے، وہاں راجیہ سبھا انتخابات کافی دلچسپ ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔ کئی سیاسی جماعتوں نے ممکنہ امیدواروں کے ناموں پر غور و خوض بھی شروع کر دیا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


