لکھنؤ: اتر پردیش مادھیمک شکشا پریشد (یوپی ایم ایس پی) نے بدھ کے روز 23 اپریل کو شام 4 بجے پریس کانفرنس کے ذریعے ہائی اسکول (دسویں) اور انٹرمیڈیٹ (بارہویں) کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ طلبہ اپنے رزلٹ بورڈ کی سرکاری ویب سائٹس upmspresults.nic.in اور upmsp.edu.in پر چیک کر سکتے ہیں۔ رزلٹ کے اعلان کے ساتھ ہی ریاست بھر میں خوشی اور جوش و خروش کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ اس سال انٹرمیڈیٹ (12ویں) کے امتحان میں مجموعی طور پر 80.3 فیصد طلبہ کامیاب قرار پائے، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ایک بہتر کارکردگی سمجھی جا رہی ہے۔ وہیں ہائی اسکول (10ویں) کا پاسنگ فیصد 90.4 فیصد رہا، جس نے تعلیمی معیار میں بہتری کی نشاندہی کی ہے۔
انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں سیتاپور کی طالبہ شکھا ورما نے 97.60 فیصد نمبر حاصل کر کے ریاست بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ ان کی اس شاندار کامیابی پر نہ صرف ان کے اہل خانہ بلکہ پورے ضلع میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ دوسری پوزیشن پر بریلی کی نندنی گپتا اور بارابنکی کی شریا ورما رہیں، جنہوں نے 97.20 فیصد نمبر حاصل کیے۔ تیسری پوزیشن بریلی کی سربھی یادو اور بارابنکی کی پوجا پال نے 97.00 فیصد نمبروں کے ساتھ مشترکہ طور پر حاصل کی۔
خاص بات یہ ہے کہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی نندنی گپتا کے والد پیشے کے اعتبار سے ویلڈنگ کا کام کرتے ہیں، جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی سربھی یادو کے والد ایفکو فیکٹری میں ملازم ہیں۔ ان طالبات کی کامیابی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ محنت اور لگن کے سامنے معاشی مشکلات رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔ نتائج کے اعلان کے بعد ان کے گھروں میں جشن کا ماحول ہے، جہاں اہل خانہ مٹھائیاں تقسیم کر رہے ہیں اور پھولوں کے ہار پہنا کر استقبال کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ سروودیہ جن کلیان انٹر کالج کی طالبات نے مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ گزشتہ سال بھی اسی ادارے کی طالبات نے نمایاں پوزیشنیں حاصل کی تھیں اور اس سال بھی نندنی گپتا اور سربھی یادو اسی اسکول سے تعلق رکھتی ہیں۔ دسویں جماعت کے نتائج میں کشش اور انشیکا نے ٹاپ کیا ہے، جبکہ بارہویں میں شکھا ورما سرفہرست رہیں۔ ماہرین تعلیم کے مطابق اس سال کے نتائج نہ صرف طلبہ کی محنت بلکہ تعلیمی نظام میں بہتری کا بھی ثبوت ہیں۔ بورڈ حکام نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
