Bharat Express

Afzal Ansari Sentenced for 4 Years Imprisonment in a Gangster Case: مختار انصاری کے بعد افضال انصاری کو 4 سال کی سزا، بی ایس پی رکن پارلیمنٹ کو پولیس نے حراست میں لیا

غازی پور کی ایم پی-ایم ایل اے کورٹ نے گینگسٹر ایکٹ میں مختار انصاری کے بعد موجودہ رکن پارلیمنٹ افضال انصاری کو بھی قصور وار قرار دیا گیا ہے۔ افضال انصاری کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

رکن پارلیمنٹ افضال انصاری اور سابق رکن اسمبلی مختار انصاری۔ (فائل فوٹو)

اترپردیش کے غازی پور ضلع کی ایم پی-ایم ایل اے کورٹ نے سابق رکن اسمبلی مختارانصاری کے بعد بی ایس پی کے موجودہ رکن پارلیمنٹ افضال انصاری کو بھی قصوروار قرار دیا گیا ہے۔ افضال انصاری کو 4 سال کی سزا سنائی گئی ہے۔ قصوروار قرار دیئے جانے کے بعد یوپی پولیس نے افضال انصاری کو حراست میں لے لیا ہے۔ افضال انصاری کو غازی پور جیل بھیج دیا گیا ہے۔ افضال انصاری کو 4 سال کی سزا کے اعلان کے ساتھ ہی ان کی لوک سبھا رکنیت بھی ختم ہوگئی ہے۔ دراصل، قانون کے مطابق، 2 سال یا اس سے زیادہ کی سزا کے اعلان کے بعد لوک سبھا یا اسمبلی کی رکنیت منسوخ ہوجاتی ہے۔

واضح رہے کہ عدالت نے بی جے پی رکن اسمبلی کرشنانند رائے قتل معاملے میں گینگسٹر ایکٹ کے تحت افضال انصاری کے خلاف فیصلہ سنایا گیا ہے۔ افضال انصاری پر فیصلہ آنے سے پہلے عدالت نے مختارانصاری پرفیصلہ سنایا تھا۔ مختار انصاری کو 10 سال کی سزا سنائی گئی ہے جبکہ 5 لاکھ روپئے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ عدالت نے افضال انصاری اورمختارانصاری کو گینگسٹرایکٹ کے تحت قصوروار مانتے ہوئے یہ سزا سنائی ہے۔

کیا ہے پورا معاملہ؟

افضال انصاری اور مختارانصاری کے خلاف یہ معاملہ بی جے پی کے آنجہانی رکن اسمبلی کرشنا نند رائے اورنند کشور گپتا کے قتل معاملے میں درج کیا گیا تھا۔ مختار انصاری اورافضال انصاری کے خلاف معاملہ 2007 میں محمدآباد تھانے میں درج کیا گیا تھا۔ اس معاملے کی سماعت کے دوران مختارانصاری ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ باندہ جیل سے جڑے تھے۔ سال 2005 میں محمد آباد واقع بسنیا چٹی کے پاس کرشنا نند رائے کا قتل کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: Mukhtar Ansari Sentenced for 10 Years Imprisonment in a Gangster Case: مختار انصاری کو گینگسٹر ایکٹ میں 10 سال کی سزا اور 5 لاکھ کا جرمانہ

قابل ذکرہے کہ افضال انصاری کو سزا کا اعلان ہوتے ہی پولیس نے حراست میں لے لیا ہے جبکہ ان کے چھوٹے بھائی اورسابق رکن اسمبلی مختارانصاری ابھی یوپی واقع باندہ جیل میں بند ہیں۔ حالانکہ گزشتہ 15 اپریل کو ہی اس معاملے میں عدالت نے اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ تاہم ہفتہ کے روز عدالت نے اپنا فیصلہ سنایا۔ فیصلہ سنائے جانے کے پہلے غازی پور میں عدالت کے باہر سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے گئے تھے۔ عدالت کے باہر بڑی تعداد میں سیکورٹی اہلکار تعینات تھے۔

  -بھارت ایکسپریس

Also Read