تھانے/نوی ممبئی: سکھوں کے نویں گرو، گرو تیغ بہادر کی 350ویں شہادت برسی کے موقع پر 21 دسمبر کو کھار گھر (نوی ممبئی) کے اوول میدان میں ایک بڑے قومی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ ضلع تھانے اور رائے گڑ انتظامیہ نے اس تاریخی پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے وسیع انتظامات شروع کر دیے ہیں۔ اس تقریب کا باضابطہ افتتاح جمعرات کو رائے گڑ کے کلیکٹر کشور جَوَلے نے کیا۔ افتتاح کے فوراً بعد تیاریاں تیز ہو گئیں اور مختلف محکموں کے درمیان ہم آہنگی کے لیے میٹنگوں کا سلسلہ جاری ہے۔
تھانے کے ضلع کلیکٹر شری کرشنا پانچال نے جمعرات کو ایک جائزہ میٹنگ کی، جس میں ٹرانسپورٹ، سکیورٹی، میڈیکل ہیلپ، لوجسٹکس اور مہمانوں کے لیے ریفریشمنٹ کے انتظامات کو تفصیل سے پرکھا گیا۔ انہوں نے تمام سرکاری و مقامی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ آنے والے ہزاروں شرکاء کی سہولت کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے اور کسی بھی سطح پر کوتاہی نہ چھوڑی جائے۔
پانچال نے کہا کہ گورو تیغ بہادر جی کی زندگی قربانی، انسانیت اور مذہبی آزادی کی علامت ہے، اس لیے نوجوان نسل کو ان کی جدوجہد اور تعلیمات سے روشناس کرانا وقت کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے اسکولوں اور کالجوں میں تقریری مقابلے اور مختصر فلموں کی اسکریننگ کرانے کی ہدایت دی، تاکہ طلبہ اس عظیم تاریخی شخصیت کے پیغام کو گہرائی سے سمجھ سکیں۔
انتظامیہ کے مطابق 21 دسمبر کو ہونے والے پروگرام میں ملک بھر سے سکھ برادری کے نمائندے، مذہبی رہنما، سیاسی شخصیات اور عام شہری بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ ٹریفک کنٹرول اور پارکنگ کے لیے خصوصی پلان تیار کیا جا رہا ہے، جبکہ طبی امداد کے لیے ایمبولینس اور میڈیکل ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔ ضلعی حکام نے یقین دلایا کہ تمام انتظامات مقررہ وقت پر مکمل کر لیے جائیں گے اور اس یادگار تقریب کو قومی سطح پر مثالی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



