دہرادون: راج بھون دہرادون میں منعقد ایک پروقار تقریب میں اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی عوامی و سیاسی زندگی پر مبنی کتاب ’’ہمالیہ کی جیونت اوشما‘‘ کا باضابطہ اجرا کیا گیا۔ افتتاحی تقریب کی صدارت معزز گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) گُرمیت سنگھ نے کی، جبکہ کتاب کی خالق نئی نسل کی باصلاحیت ادیبہ، مصنفہ اور محقق سنبھاؤنا پنت بھی موجود تھیں جنہیں حاضرین نے والہانہ انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر کتاب کے اجراء کو ادبی اور سماجی نقطۂ نظر سے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج کا جدید دور نوجوان قلم کاروں کے ابھرنے اور ان کی فکری توانائیوں کے اظہار کا زمانہ ہے۔ نوجوان لکھنے والے، محقق اور کریئیٹرز نہ صرف سماج میں نئے خیالات اور مثبت بدلاؤ کے پیامبر بن رہے ہیں بلکہ اپنی دور اندیشی سے آنے والی نسل کے لئے راہیں بھی ہموار کر رہے ہیں۔
کتاب ’’ہمالیہ کی جیونت اوشما‘‘ میں وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کے بچپن سے لے کر سیاسی عروج تک کے سفر کو نہایت سلیقے اور حقیقت پسندی سے قلم بند کیا گیا ہے۔ کتاب ان کے شخصیت کی تعمیر اور عوامی خدمت کے جذبے کی عملی مثال پیش کرتی ہے۔
اس کتاب کے رسمِ اجراء کے بعد آچاریہ پرمود کرشنم نے نئی نسل کی باصلاحیت ادیبہ، مصنفہ سنبھاؤنا پنت اور اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کو مبارکباد دی ہے۔ آچاریہ پرمود کرشنم نے اپنے ایکس پوسٹ پر لکھا کہ وزیر اعلیٰ دھامی کو ان کی خدمتِ خلق اور عوامی قیادت کے لئے دلی مبارک باد اور امید ظاہر کی کہ یہ کتاب نوجوان نسل کے لیے مثال ثابت ہوگی۔ تقریب میں موجود معزز مہمانوں نے سنبھاؤنا پنت کی تحقیقی اور تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے وزیر اعلیٰ دھامی کو دلی مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ یہ کتاب نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگی۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




