Bharat Express DD Free Dish

Union Home Minister Amit Shah Paid Floral Tribute To Sardar Vallabhbhai Patel : وزیرِ داخلہ امت شاہ نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کے مجسمے پر پھول چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا

بھارت کے پہلے وزیرِ داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں جینتی کے موقع پر آج پورے ملک میں ’’راشٹریہ ایکتا دیوس‘‘ بڑے احترام و جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے نئی دہلی میں سردار پٹیل کے مجسمے پر پھولوں کی چادر چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیرِ داخلہ امت شاہ نے سردار ولبھ بھائی پٹیل کے مجسمے پر پھول چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا

نئی دہلی، 31 اکتوبر: بھارت کے پہلے وزیرِ داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کی 150ویں جینتی کے موقع پر آج پورے ملک میں ’’راشٹریہ ایکتا دیوس‘‘ بڑے احترام و جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے نئی دہلی میں سردار پٹیل کے مجسمے پر پھولوں کی چادر چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’’قوم کے اتحاد، سالمیت اور کسانوں کے بااختیار بنانے کی علامت آئرن مین سردار ولبھ بھائی پٹیل جی کو ان کی جینتی کے موقع پر دلی خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ سردار صاحب نے ریاستوں کے انضمام کے ذریعے ملک کی یکجہتی اور سلامتی کو مضبوط کیا اور کسانوں، پسماندہ طبقات اور محروم عوام کو تعاونی تحریک سے جوڑ کر خود روزگاری اور خود کفالت کی راہ ہموار کی‘‘۔

امت شاہ نے ’ایکس‘ (سابق ٹوئٹر) پر لکھا کہ سردار پٹیل کا یقین تھا کہ ملک کی ترقی کی بنیاد کسانوں کی خوشحالی میں مضمر ہے۔ ’’انہوں نے اپنی پوری زندگی کسانوں کی فلاح، ان کے حقوق کے تحفظ اور ملک کی خدمت کے لیے وقف کر دی۔ آج ہمارا فرض ہے کہ جس بھارت کو سردار پٹیل نے یکجا کیا، اس کے اتحاد اور انصاف کے اصولوں کی حفاظت کریں‘‘۔ اس موقع پر دہلی کی وزیرِ اعلیٰ ریکھا گپتا اور لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینا نے بھی سردار ولبھ بھائی پٹیل کے مجسمے پر پھول چڑھائے اور ان کے خدمات کو یاد کیا۔

اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے گجرات کے ایکتا نگر میں واقع ’’اسٹیچو آف یونٹی‘‘ پر سردار پٹیل کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’’بھارت سردار ولبھ بھائی پٹیل کو ان کی 150ویں جینتی کے موقع پر سلام پیش کرتا ہے۔ وہ بھارت کے اتحاد کے اصل معمار تھے، جنہوں نے آزادی کے بعد ملک کو متحد کر کے اس کی تقدیر کو نئی سمت دی۔ ان کی قومی سالمیت، بہتر حکمرانی اور عوامی خدمت کے تئیں غیر متزلزل عزم آج بھی آنے والی نسلوں کے لیے تحریک کا ذریعہ ہے‘‘۔‘

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آج کے دن ہم ایک مضبوط، متحد اور خود کفیل بھارت کے لیے سردار پٹیل کے وژن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ اس موقع پر سردار ولبھ بھائی پٹیل کے اعزاز میں ایک خصوصی یادگاری سکے اور ڈاک ٹکٹ کا بھی اجرا کیا گیا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بھی یومِ اتحاد کے موقع پر سردار پٹیل کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سچے محب وطن، دوراندیش رہنما اور قوم ساز شخصیت تھے جنہوں نے اپنے عزم و استقلال، حوصلے اور قیادت کے ذریعے ملک کے اتحاد کا تاریخی کارنامہ انجام دیا۔

صدر مرمو نے ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’’آئرن مین سردار ولبھ بھائی پٹیل کی جینتی کے موقع پر میں تمام اہلِ وطن کو دل سے نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔ ان کی قومی خدمت اور ملک کے اتحاد کے لیے غیر متزلزل جذبہ ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ آئیے، یومِ اتحادِ قومی کے موقع پر ہم سب مل کر ایک مضبوط، ہم آہنگ اور مثالی بھارت کی تعمیر کا عزم کریں‘‘۔ ولبھ بھائی پٹیل جینتی، جسے ’’راشٹریہ ایکتا دیوس‘‘ کے طور پر منایا جاتا ہے، ہر سال 31 اکتوبر کو قومی یکجہتی کے پیغام کے ساتھ منائی جاتی ہے۔ یہ دن بھارت کے ان بہادر رہنما کو یاد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جنہیں ’’بھارت کا آئرن مین‘‘ کہا جاتا ہے۔

سردار پٹیل 31 اکتوبر 1875 کو گجرات کے نانڈیا گاؤں میں پیدا ہوئے۔ وہ آزاد بھارت کے پہلے نائب وزیر اعظم اور وزیرِ داخلہ تھے۔ آزادی کے بعد انہوں نے 560 سے زیادہ ریاستوں کو بھارتی یونین میں ضم کر کے ملک کی وحدت و سالمیت کو یقینی بنایا۔ ان کی قیادت اور تدبر نے تقسیمِ ہند کے بعد کے نازک دور میں بھارت کو ایک متحد اور باوقار قوم کے طور پر اُبھارنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ گجرات کے ایکتا نگر میں ان کے اعزاز میں تعمیر کردہ ’’اسٹیچو آف یونٹی‘‘ دنیا کا سب سے اونچا مجسمہ ہے، جس کی اونچائی 182 میٹر ہے۔ یہ مجسمہ سردار پٹیل کی اُس قومی یکجہتی، اتحاد اور حب الوطنی کی علامت ہے جس نے بھارت کو ایک لڑی میں پرو دیا۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read