اترپردیش کے پریاگ راج میں 15 اپریل کی رات ہوئے سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد اور سابق رکن اسمبلی خالد عظیم عرف اشرف کے قتل سانحہ کی جانچ کے لئے تین رکنی ایس آئی ٹی کی تشکیل کی گئی ہے۔ پولیس کمشنر نے یہ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ایس آئی ٹی کمیٹی کے سربراہ ڈی سی پی کرائم ہوں گے۔ اس ایس آئی ٹی جانچ کمیٹی میں اے سی پی ستیندرتیواری اور تیسرے کرائم برانچ کے انسپکٹر اوم پرکاش سنگھ ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ پولیس کی موجودگی میں عتیق احمد-اشرف احمد کا قتل کئے جانے کے بعد کارروائی کی جا رہی ہے۔ پہلے جانچ کے لئے تین رکنی عدالتی جانچ کمیشن کی تشکیل کی گئی تھی۔ تاہم اب اس قتل سانحہ کی جانچ کے لئے ایس آئی ٹی کی تشکیل کی گئی ہے۔
وہیں دوسری طرف، اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے آج پھر لکھنؤ میں پولیس افسران کی ہائی لیول میٹنگ طلب کی ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنا آج کا پروگرام منسوخ کردیا ہے۔ وہیں ان کی سیکورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات میں بھی ان کی سیکورٹی بڑھائی جائے گی۔ حالانکہ یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی کو زیڈ پلس سیکورٹی حاصل ہے۔ یوپی کے نائب وزرائے اعلیٰ کی سیکورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔