Bharat Express DD Free Dish

President Dropdi Murmu’s Kerala tour: صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کے ہیلی کاپٹر کے ساتھ  ٹلا بڑا حادثہ، کیرالا میں ہیلی پیڈ دھنسنے سے مچی ہلچل

پرمدم اسٹیڈیم میں بنائے گئے عارضی ہیلی پیڈ کا ایک حصہ اچانک دھنس گیا، تاہم سکیورٹی عملے کی تیز رفتاری سے صورتحال پر قابو پا لیا گیا اور کوئی نقصان نہیں ہوا۔ اطلاعات کے مطابق جیسے ہی بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر صدر مرمو کو لے کر اترا ہیلی پیڈ کا ایک حصہ وزن برداشت نہ کر سکا اور زمین میں دھنس گیا۔

ترواننت پورم (کیرالا): کیرالا کے ضلع پتنم تِھٹّا میں صدرجمہوریہ دروپدی مرمو کے ہیلی کاپٹر کے لینڈنگ کے دوران ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ پرمدم اسٹیڈیم میں بنائے گئے عارضی ہیلی پیڈ کا ایک حصہ اچانک دھنس گیا، تاہم سکیورٹی عملے کی تیز رفتاری سے صورتحال پر قابو پا لیا گیا اور کوئی نقصان نہیں ہوا۔ اطلاعات کے مطابق جیسے ہی بھارتی فضائیہ کا ہیلی کاپٹر صدر مرمو کو لے کر اترا ہیلی پیڈ کا ایک حصہ وزن برداشت نہ کر سکا اور زمین میں دھنس گیا۔ ابتدائی اندازے کے مطابق یہ واقعہ ہیلی کاپٹر کے زیادہ وزن اور زمین کی نرم ساخت کے باعث پیش آیا۔

پولیس اور فائر بریگیڈ کی فوری کارروائی

موقع پر موجود پولیس اور فائر ڈپارٹمنٹ کے اہلکار فوراً حرکت میں آ گئے۔ انہوں نے نہ صرف ہیلی کاپٹر کو محفوظ جگہ منتقل کیا بلکہ پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سکیورٹی کا جائزہ بھی لیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اہلکار ہیلی کاپٹر کو دھنسے ہوئے حصے سے باہر نکالنے میں مدد کر رہے ہیں۔

صدر مرمو کا مصروف کیرالا دورہ جاری

صدرجمہوریہ دروپدی مرمو 21 اکتوبر کو ترواننت پورم پہنچی تھیں۔ وہ اپنے دورے کے دوران متعدد پروگراموں میں شرکت کر رہی ہیں۔ آج وہ مشہور سبری مالا مندر جائیں گی جب کہ جمعرات کو راج بھون میں سابق صدر کے آر نارائنن کے مجسمے کی نقاب کشائی کریں گی۔ اسی دن وہ ورکلا میں شری ناران گرو کی برسی کے صد سالہ جشن کا افتتاح بھی کریں گی۔

تعلیمی اداروں کے تقریبات میں بھی شرکت

صدر مرمو کوٹایم ضلع کے پالا کے سینٹ تھامس کالج کی 75ویں سالگرہ کی اختتامی تقریب میں شرکت کریں گی۔ اس کے بعد 24 اکتوبر کو وہ ایرناکولم کے سینٹ ٹریسا کالج کے صد سالہ جشن میں بطور مہمان خصوصی شامل ہوں گی۔ انہی تقریبات کے ساتھ ان کا کیرالا کا یہ سرکاری دورہ اختتام پذیر ہوگا۔

سکیورٹی پر سوالات لیکن سب کچھ معمول پر

ہیلی پیڈ دھنسنے کے اس واقعے نے اگرچہ سکیورٹی انتظامات پر سوالات ضرور کھڑے کیے ہیں، لیکن انتظامیہ کی فوری کارروائی کے باعث کوئی بڑا حادثہ پیش نہیں آیا۔ صدر دروپدی مرمو کا دورہ حسب پروگرام جاری ہے اور وہ اپنے تمام طے شدہ عوامی و سرکاری پروگراموں میں حصہ لے رہی ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read