Urdu Conclave 2026

Bihar Assembly Election 2025: ’ووٹ چوری نہیں، دن دہاڑے ہورہی ہے ڈکیتی‘ الیکشن کمیشن پر آرجے ڈی ایم پی منوج جھا نے اٹھایا سوال

آرجے ڈی کے راجیہ سبھا رکن منوج جھا نے سوال اٹھایا کہ الیکشن کمیشن کوغیرجانبدارہونا چاہئے، لیکن کسی کے اشارے پرکمیشن نے اپنے طریقہ کارکو پوری طرح سے بدل لیا ہے۔

آرجے ڈی رکن پارلیمنٹ منوج جھا۔ (فائل فوٹو)

راشٹریہ جنتا دل (آرجے ڈی) کے رکن پارلیمنٹ منوج جھا نے الیکشن کمیشن پر’جانبداری‘ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے بہارمیں ووٹر لسٹ کے خصوصی نظرثانی مہم (ایس آئی آر) پرکانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی اورراشٹریہ جنتا دل (آرجے ڈی) لیڈرتیجسوی یادوکے بیانوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں ’ووٹ چوری‘ نہیں، دن دہاڑے ’ڈکیتی‘ ہورہی ہے۔

نیوزایجنسی آئی اے این ایس سے بات چیت کے دوران جمعہ (18 جولائی، 2025) کوآرجے ڈی رکن پارلیمنٹ نے دعویٰ کیا، ’’ایس آئی آر عمل کے ذریعہ ووٹرلسٹ سے دلت، پسماندہ، انتہائی پسماندہ اور اقلیتی طبقہ کے رائے دہندگان کے نام ہٹائے جا رہے ہیں، جس سے ان کی ووٹنگ میں حصہ داری متاثرہوسکتی ہے۔‘‘

راہل گاندھی اورتیجسوی یادو کی حمایت

انہوں نے کہا، ’’کمیشن کی طرف سے مانگے گئے 11 دستاویزوں کو دے پانا سبھی کے لئے ممکن نہیں ہے۔ بہارسے باہررہنے والے لوگوں کو کہا جا رہا ہے کہ 25 دنوں کے اندردستاویزداخل کرائیں۔ 5 دن میں کیا یہ ممکن ہے۔‘‘ منوج جھا نے کہا کہ راہل گاندھی اورتیجسوی یادونے ’ووٹ چوری‘ کرنے کی محض چھوٹی سی مثال دی ہے، لیکن اسے ’دن دہاڑے ڈکیتی‘ کہنا چاہئے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ الیکشن کمیشن کو منصفانہ اورغیرجانبدارانہ ہونا چاہئے، لیکن کسی کے اشارے پرکمیشن نے اپنے طریقہ کارکوپوری طرح سے بدل لیا ہے۔

بہارمیں جرائم میں اضافہ پرسوال

وزیراعظم نریندرمودی کے بہاردورے پرآرجے ڈی لیڈرمنوج جھا نے کہا، ’انتخابی سال میں وزیراعظم مودی کا بہارآنا فطری ہے، لیکن عوام چاہتی ہے کہ وہ ریاست میں بڑھتے ہوئے جرائم پربھی بولیں۔ پٹنہ کے ایک اسپتال میں کھلے عام گولی باری کا حادثہ ہوا، جہاں پانچ لوگ بغیر چہرہ چھپائے گولی باری کرکے فرارہوگئے۔‘

بی جے پی پر لگایا بڑا الزام

آرجے ڈی رکن پارلیمنٹ منوج جھا نے ایسے حادثات کوروزمرہ کی پریشانی بتایا اوراس کے لئے ذمہ داری طے کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بی جے پی پر طنزکرتے ہوئے کہا، ’پارٹی غیر-بی جے پی ریاستوں میں جرائم ہونے پرفوراً جانچ کمیٹی بھیجتی ہے، لیکن بہارکے لئے دہلی سے اب تک کوئی کمیٹی نہیں ہے۔‘ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بی جے پی ہائی کمان کوبہارکی صورتحال پردھیان دینا چاہئے اوریہاں بھی کمیٹی تشکیل کرنی چاہئے۔

بھارت ایکسپریس اردو-



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read