Bharat Express DD Free Dish

India England Test Series 2025: ٹیم انڈیا کے انگلینڈ دورے کے دوران اچانک بھارت لوٹے گوتم گمبھیر، والدہ کی طبیعت بگڑنے کے سبب ہوئی واپسی

گوتم گمبھیر کی والدہ کو دل کا دورہ 11 جون کو پڑا تھا۔ اس کی خبر جیسے ہی گمبھیر کو ملی، وہ انگلینڈ سے ہندوستان لوٹ آئے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ سب کچھ بہتر رہا تو وہ 17 جون تک دوبارہ ہندوستانی ٹیم سے جڑ جائیں گے

ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر انگلینڈ کے دورے کے دوران اپنی والدہ کی طبیعت بگڑنے کے باعث اچانک بھارت واپس لوٹ آئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ان کی والدہ، سیما گمبھیر، کو 11 جون کو دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر آئی سی یو میں داخل کیا گیا۔

گوتم گمبھیر نے والدہ کی نازک طبیعت کو مدنظر رکھتے ہوئے دورہ درمیان میں چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور فوراً بھارت کے لیے روانہ ہو گئے۔ ایسے وقت میں جب بھارت اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی تیاریاں عروج پر ہیں، کوچ کی اچانک واپسی ٹیم کے لیے ایک بڑا جھٹکا قرار دی جا رہی ہے۔

17 جون کو دوبارہ انگلینڈ واپسی ممکن

ذرائع کے مطابق اگر ان کی والدہ کی طبیعت میں بہتری آتی ہے تو گوتم گمبھیر 17 جون کو دوبارہ ٹیم انڈیا کے ساتھ انگلینڈ میں شامل ہو سکتے ہیں۔ پہلا ٹیسٹ میچ 20 جون کو لیڈز کے ہیڈنگلے گراؤنڈ میں کھیلا جانا ہے۔

ٹیم انڈیا کو 13 سے 16 جون کے درمیان ایک انٹرا اسکواڈ میچ کھیلنا تھا، جس میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کی بنیاد پر فائنل الیون کا انتخاب کیا جانا تھا۔ اس عمل میں کوچ کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے، مگر اب گمبھیر کی غیر موجودگی میں یہ ذمہ داری سپورٹ اسٹاف کو سنبھالنی پڑے گی۔ ٹیم کی تشکیل، کھلاڑیوں کی ذہنی حالت کو سمجھنے اور مناسب حکمت عملی تیار کرنے کا یہ اہم موقع اب کوچ کی غیر موجودگی میں مکمل کیا جائے گا۔

ویسے ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان 5 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 20 جون سے ہیڈنگلے میں کھیلا جائے گا۔ امید یہی ہے کہ گوتم گمبھیر کی فیملی پر آئی پریشانی جلد ختم ہو جائے گی، اور وہ 20 جون سے قبل ہندوستانی ٹیم کے ساتھ جڑ جائیں گے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read