Bharat Express DD Free Dish

Russia-Ukraine War: یوکرین کے شہر سومی پر روسی میزائل حملے میں 30 سے زائد افراد ہلاک، زیلنسکی نے روس کو کہا ’’دہشت گرد‘‘

حکام کے مطابق دو بیلسٹک میزائل صبح تقریباً 10:15 بجے شہر کے قلب میں اس وقت گرے جب لوگ پام سنڈے منانے کے لیے جمع تھے۔

شہر کے قائم مقام میئر اور یوکرین کے جنرل پراسیکیوٹر کے دفتر نے بتایا کہ اتوار کو یوکرین کے شہر سومی پر روسی میزائل حملے میں 20 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق دو بیلسٹک میزائل صبح تقریباً 10:15 بجے شہر کے قلب میں اس وقت گرے جب لوگ پام سنڈے منانے کے لیے جمع تھے۔ سرکاری چینلز پر جائے وقوعہ سے پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں وسطی سومی کے ارد گرد ملبے اور دھوئیں کے درمیان زمین پر لاشیں دکھائی دے رہی ہیں۔

شہر کے قائم مقام میئر آرٹیم کوبزار نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا کہ ’’اس پام سنڈے پر ہماری کمیونٹی کو ایک خوفناک سانحے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بدقسمتی سے ہمیں 20 سے زیادہ اموات کی اطلاع ملی ہے۔‘‘ وہیں پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر نے ابتدائی تحقیقات کے نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روس کے حملے کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک اور 84 زخمی ہوئے، جن میں 10 بچے بھی شامل ہیں۔

زیلنسکی نے عالمی برادری سے روس کو ’’دہشت گرد‘‘ کی طرح دیکھنے کا مطالبہ کیا

دریں اثنا یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے تصدیق کی ہے کہ امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور اس دوہرے میزائل حملے میں ’’درجنوں‘‘ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ زیلنسکی نے لکھا ’’ابتدائی معلومات کے مطابق درجنوں شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ صرف بےشرم لوگ ہی ایسے کام کر سکتے ہیں، یعنی عام لوگوں کی جانیں لینا۔‘‘ زیلنسکی نے اس حملے پر عالمی ردعمل کا بھی مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مذاکرات نے کبھی بھی بیلسٹک میزائلوں اور ہوائی بموں کو روکا نہیں ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ روس کے ساتھ ایسا رویہ اختیار کیا جائے، جو کہ ایک دہشت گرد کے ساتھ اختیار کیا جاتا ہے۔‘‘

مذاکرات کے باوجود دونوں ممالک ایک دوسرے پر کر رہے ہیں لگاتار حملے

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے سالانہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں الگ الگ تقریبات میں بات کی۔ اس سے ایک دن قبل امریکی ایلچی اسٹیو وٹ کوف نے روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے امن کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا تھا۔ دریں اثنا روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ ’’یوکرینی ہم پر (مذاکرات کے) آغاز سے ہی حملہ کر رہے ہیں‘‘۔ انھوں نے مزید کہا کہ ماسکو امریکہ، ترکی اور بین الاقوامی اداروں کو گزشتہ تین ہفتوں کے دوران یوکرین کی جانب سے کیے گئے حملوں کی تفصیلات فراہم کرے گا۔ وہیں ان کے یوکرینی ہم منصب نے اس دعوے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ روس نے حملوں میں محدود توقف پر رضامندی کے بعد سے ’’لگ بھگ 70 میزائل، 2,200 (پھٹنے والے) ڈرونز اور 6,000 سے زیادہ گائیڈڈ فضائی بم یوکرین پر داغے ہیں۔‘‘



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read