کانگریس کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی نے وقف بل کے خلاف احتجاج کیا۔
نئی دہلی: وقف ترمیمی بل 2024 آج لوک سبھا میں پیش کردیا گیا ہے۔ اس درمیان حکومت اوراپوزیشن کے درمیان زبردست ٹکراؤ کی صورتحال دیکھنے کو مل رہی ہے۔ ایک طرف مودی حکومت نے اس بل کوپاس کرانے کے لئے تمام حکمت عملی تیارکرلی ہے اوراپنی حلیف جماعتوں کا ساتھ حاصل کرلیا ہے۔ وہیں اپوزیشن اس بل کے خلاف پوری طرح سے مستعد ہے۔ انڈیا الائنس میں شامل تمام پارٹیوں کے اراکین پارلیمنٹ پوری طرح سے اس بل کے خلاف ہیں۔ کانگریس کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ اورآل انڈیا مائنارٹی ونگ کے چیئرمین عمران پرتاپ گڑھی نے وقف ترمیمی بل 2024 کی انوکھے اور منفرد انداز میں مخالفت کی ہے۔
عمران پرتاپ گڑھی آج جب پارلیمنٹ پہنچے تووہ سیاہ کپڑے میں نظرآئے۔ انہوں نے اپنے ہاتھ میں تختی اٹھا رکھی تھی، جس پرلکھا Reject Waqf Bill ’وقف بل نامنظور‘۔ انہوں نے اس دوران کہا کہ یہ وقف بل اقلیتوں کے حقوق پرحملہ ہے، اسے ہم ہرگزقبول نہیں کریں گے۔ عمران پرتاپ گڑھی کا یہ انوکھا انداز سوشل میڈیا پرخوب وائرل ہو رہا ہے۔
کانگریس کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی نے وقف ترمیمی بل کی مخالفت میں سیاہ کپڑا پہنا۔#imranpratapgarhi #Congress #WaqfAmendmentBill #WaqfBoard #Waqf #ModiGovernment #Opposition #ModiGovt #bharatexpressurdu@ShayarImran @INCIndia @BJP4India @AIMPLB_Official pic.twitter.com/LYEOb1FExe
— Bharat Express Urdu (@bharatxpresurdu) April 2, 2025
واضح رہے کہ عمران پرتاپ گڑھی نے گزشتہ ماہ ہی پارلیمنٹ میں ممبئی حج کمیٹی کے ذریعہ چلائے جارہے سول سروسیزکوچنگ سینٹربند کئے جانے پر تلخ تبصرہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ حکومت سے ایک بھی روپئے لئے بغیرحاجیوں کے ٹیکس کے پیسوں سے یہ کوچنگ سینٹرچلایا جا رہا تھا، لیکن بہت خاموشی کے ساتھ بی جے پی حکومت نے اسے بند کردیا، یہ اقلیتوں کے ساتھ نا انصافی ہے۔ اس کے علاوہ عمران پرتاپ گڑھی تمام مسلم ایشوزپرکھل کر بولتے ہیں اورترجیحی بنیاد پراسے پارلیمنٹ میں بھی اٹھاتے ہیں اورپارلیمنٹ کے باہر بھی اپنی آواز بلند کرتے ہیں۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے دی احتجاج کی دھمکی
دوسری جانب، وقف ترمیمی بل 2024 لوک سبھا میں پیش کئے جانے سے پہلے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ مسلسل اس بل کی مخالفت کررہا ہے۔ بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا فضل الرحیم مجددی نے آج پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس کرکے کہا کہ یہ بل پہلے سے زیادہ قابل اعتراض ہوگیا ہے۔ اسے ایک منصوبہ بندی کے ساتھ لایا گیا ہے۔ 5 کروڑای-میل بل کی مخالفت میں آئے، کسی پربھی حکومت نے غورنہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج وقف بل پارلیمنٹ میں پیش کیا جا رہا ہے۔ ایک منصوبہ بندی کے ساتھ یہ بل لایا گیا ہے۔ جے پی سی نے بھی مخالفت درج کرائی۔ مخالفت میں 5 کروڑ ای-میل آئے۔ کسی پربھی غور نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ بل پہلے سے زیادہ قابل اعتراض ہوگیا ہے۔ اب سی ای اوکے عہدے پرمسلمان نہیں ہوگا۔ وقف کا انتظام اب مسلمانوں کے ہاتھوں سے لے کرحکومت کے ہاتھوں میں سونپ دیا گیا ہے۔ لا بورڈ نے یہ بھی کہا کہ اگربل پارلیمنٹ میں پاس ہوا تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ ملک گیر سطح پرپُرامن احتجاج کریں گے۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
