![2022-09-27T183330Z_84178340_RC2RJV9S1G6M_RTRMADP_3_SAUDI-POLITICS](https://urdu.bharatexpress.com/wp-content/uploads/2023/09/2022-09-27T183330Z_84178340_RC2RJV9S1G6M_RTRMADP_3_SAUDI-POLITICS.webp)
سعودی عرب کی اسرائیل اور ٹرمپ کو دھمکی
نئی دہلی: سعودی عرب نے بدھ (5 فروری) کو ایک اہم بیان میں واضح کیا کہ وہ فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کے تعلقات قائم نہیں کرے گا۔ یہ ردعمل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ سعودی عرب اب فلسطینی ریاست کا مطالبہ نہیں کر رہا ہے۔
منگل (4 فروری) کو ایک حیران کن بیان میں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ جنگ زدہ غزہ کی پٹی پر قبضہ کر کے اسے معاشی طور پر دوبارہ ترقی دے گا۔ انہوں نے یہ اعلان اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ فلسطینیوں کو کسی اور جگہ آباد کرنے کے بعد غزہ پر اپنا کنٹرول قائم کر لے گا۔
سعودی عرب کا بیان
سعودی وزارت خارجہ نے ٹرمپ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے “واضح اور غیر مبہم انداز میں” مملکت کے موقف کی توثیق کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کا موقف مضبوط ہے اور سعودی عرب فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے بے گھر کرنے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کرے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ “سعودی عرب فلسطینیوں کے ساتھ اپنی وابستگی میں مکمل طورپر مضبوطی کے ساتھ کھڑا ہے، اور فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلقات قائم کرنے کے امکان کو یکسر مسترد کرتا ہے۔”
اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے ٹرمپ کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اسرائیل سعودی عرب کے ساتھ مل کر کامیاب کوششیں کرے گا۔ لیکن اکتوبر 2023 میں غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد، سعودی عرب نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی کوششوں کو روک دیا، جس سے عرب ممالک میں اسرائیل کے جارحانہ موقف کے خلاف غصے کی لہر دوڑ گئی۔
فلسطین کے حقوق کی حمایت
سعودی عرب نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ فلسطین کے حقوق کی حمایت میں کھڑا رہے گا اور جب تک فلسطین کی ریاست نہیں بن جاتی اسرائیل کے ساتھ کسی قسم کے تعلقات قائم نہیں کیے جائیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ کی پٹی پر قبضے کے منصوبے اور سعودی عرب کے واضح موقف نے خطے میں امن کی صورتحال کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔
بھارت ایکسپریس۔