سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے کہا کہ دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ 5 فروری کو ہوگی۔ اگر اس دن کمل کا بٹن دبایا گیا تو بی جے پی والے محلہ کلینک کو بند کر دیں گے۔ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے پیر کو وشواس نگر میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی پر حملہ کیا۔ انہوں نے لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ 5 فروری کو کمل کا بٹن نہ دبائیں۔
انہوں نے مزید کہا، ’’قومی دارالحکومت کے لوگ دہلی میں ’کام کی سیاست‘ کو آگے بڑھانے میں ہمارا ساتھ دے رہے ہیں۔ اگر آپ 5 فروری کو جھاڑو کے بٹن کے بجائے کوئی اور بٹن دبائیں گے تو آپ کے بہترین سرکاری اسکول اور اسپتال برباد ہو جائیں گے۔‘‘
الیکشن جیتنے پر ان منصوبوں پر کیا جائے گا کام: کیجریوال
دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا، ’’آپ کے آشیرواد سے، ہم انتخابات کے بعد’ مہیلا سمان یوجنا‘، ’سنجیوانی یوجنا‘ اور’ پجاری گرنتھی سمان‘ جیسی اسکیموں پر کام کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر غلطی سے بی جے پی کی حکومت دہلی میں اقتدار میں آ جاتی ہے تو وہ کچی آبادیوں کو گرا دیں گے، لیکن جب تک آپ کا بیٹا کیجریوال زندہ ہے، کچی آبادیوں کو کچھ نہیں ہوگا۔
’’بی جے پی کے ایم ایل اے 10 سال تک صرف لڑتے رہے‘‘
اروند کیجریوال نے کہا کہ وشواس نگر ترقی میں پیچھے رہ گیا کیونکہ یہاں کے لوگوں نے بی جے پی امیدوار کو ایم ایل اے بنایا۔ بی جے پی کے ایم ایل اے 10 سال تک صرف ہمارے ساتھ لڑتے رہے۔ اس بار وشواس نگر میں عام آدمی پارٹی کا ایم ایل اے بنے گا جو پوری ایمانداری سے کا م کرے گا۔ اس کے ساتھ وشواس نگر میں ترقی کو فروغ بھی دیا جائے گا۔
بتا دیں کہ دہلی کی 70 اسمبلی سیٹوں کے لیے 5 فروری کو ووٹنگ ہوگی۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن 8 فروری کو ووٹوں کی گنتی کے بعد انتخابی نتائج کا اعلان کرے گا۔
بھارت ایکسپریس