کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی۔(فائل فوٹو)
نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو بڑی راحت ملی ہے۔ جمعہ کے روز (10 جنوری) کو پنے کی ایک عدالت نے ہتک عزت کے ایک معاملے میں کانگریس رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو ضمانت دے دی ہے۔ اسی کے ساتھ عدالت نے معاملے کی آئندہ سماعت کے لئے 18 فروری کی تاریخ مقرر کی ہے۔ راہل گاندھی کے خلاف ہتک عزت کا یہ معاملہ وی ڈی ساورکر کے پوتے نے کیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ راہل گاندھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اس سماعت میں شامل ہوئے۔
راہل گاندھی پرالزام ہے کہ انہوں نے مارچ 2023 میں لندن میں ویرساورکر کے خلاف مبینہ طور پر قابل اعتراض بیان دیا تھا، جس کے بعد وی ڈی ساورکر کے پوتے نے کانگریس لیڈر کے خلاف پنے میں ہتک عزت کا معاملہ درج کرایا۔ اس کے بعد اب اسی معاملے پرعدالت سماعت کررہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وکیل کی طرف سے راہل گاندھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ شامل ہونے کی اجازت مانگی گئی تھی، جسے عدالت نے منظور کرلیا تھا۔ اس کے بعد راہل گاندھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سماعت میں شامل ہوئے اور عدالت نے کانگریس لیڈرکوضمانت دے دی۔
ملک سے باہر ہیں راہل گاندھی
دراصل، راہل گاندھی نیا سال منانے کے لئے بیرون ملک کے دورے پر ہیں۔ ایسی صورت میں عدالت میں ان کی فزیکل حاضری ممکن بھی نہیں تھی۔ اس لئے مانا جا رہا ہے کہ وہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سماعت میں شامل ہوئے۔ راہل گاندھی نے اپنی تقریر میں مجاہدین آزادی کے ذریعہ لکھی گئی ایک کتاب کا حوالہ دیتے ہوئے ان پر کچھ تبصرہ کیا تھا۔
دوسرے ہتک عزت معاملے میں سماعت ملتوی
دوسری طرف، یوپی کے سلطانپور میں بھی رائے بریلی سے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی سے متعلق ہتک عزت معاملے کی جمعہ کے روز سماعت ہونی تھی، لیکن وکیلوں کے ہڑتال کے سبب یہ ملتوی ہوگئی۔ ہڑتال کے سبب ایم پی-ایم ایل اے کے لئے خصوصی عدالت کے مجسٹریٹ شبھم ورما نے معاملے کی آئندہ سماعت کے لئے 22 جنوری کی تاریخ طے کی ہے۔
بی جے پی لیڈر نے 2018 میں درج کرایا تھا کیس
بی جے پی کے ایک لیڈروجے مشرا نے راہل گاندھی کے خلاف ایم پی-ایم ایل اے کورٹ میں 2018 میں ہتک عزت کا مقدمہ دائرکیا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ کرناٹک انتخابات کے دوران راہل گاندھی نے ناشائستہ تبصرہ کیا تھا، جس سے انہیں تکلیف ہوئی تھی۔ پانچ سال تک عدالت میں طویل عمل چلتا رہا، جب راہل گاندھی پیش نہیں ہوئے تواس وقت کے جج نے وارنٹ جاری کرتے ہوئے دسمبر2023 میں انہیں طلب کیا۔ پھرفروری 2024 میں راہل گاندھی عدالت میں پیش ہوئے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔