پڑوسی ملک پاکستان میں دہشت گردانہ حملے کا سلسلہ ختم نہیں ہورہا ہے۔ ہر دوسرے دن پاکستان کے کسی نہ کسی حصے میں دہشت گردانہ حملے ہورہے ہیں اور اس میں پاکستان کا بڑا نقصان بھی ہورہاہے ۔ تازہ معاملہ کے پی کا ہے۔خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں خارجی دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے 12 جوانوں کو ہلاک کردیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ 19 نومبر 2024 کو ضلع بنوں کے علاقے مالی خیل میں خوارج نے پاک فوج اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کی مشترکہ چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی، پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش کو فوجیوں نے مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 خوارج مارے گئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے بدھ کو جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ مرنے والے اہلکاروں میں ’سکیورٹی فورسز کے 10 اور ایف سی کے دو اہلکار‘ شامل ہیں۔بیان کے مطابق 19 نومبر کو ملیخیل کے علاقے میں ایک مشترکہ چیک پوسٹ پر شدت پسندوں نے حملہ کرنے کی ’کوشش‘ کی تھی۔پاکستان فوج کا کہنا ہے کہ ’فائرنگ کے تبادلے میں چھ خوارج مارے گئے۔ چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنایا گیا جس کے بعد خوراج نے بارودی مواد سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی۔
بیان کے مطابق خودکش دھماکے کے نتیجے میں چیک پوسٹ کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا جبکہ عمارت کو بھی نقصان پہنچا جس کے ’نتیجے میں دو ایف سی اہلکاروں سمیت 12 سکیورٹی فورسز کے اہلکار جان سے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا، اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔