Bharat Express

جماعت اسلامی ہند کے ادارہ ’اسلامی ساہتیہ ٹرسٹ‘ کے زیراہتمام تفہیم القرآن کے ہندی ایپ کا اجرا

مولانا سید ابوالاعلی مودودی رحمہ اللہ کی مشہور تفسیر تفہیم القرآن کے ہندی ترجمہ کے ایپ کے اجرا کی تقریب سید سعادت اللہ حسینی امیر جماعت اسلامی ہند کی صدارت میں منعقد ہوئی – ہندی ترجمہ قرآن اپلی کیشن کی تیاری کا یہ کام جماعت اسلامی ہند کے ادارہ ’اسلامی ساہتیہ ٹرسٹ‘ کے ذریعہ انجام دیا گیا ہے۔

جماعت اسلامی ہند کے ادارہ ’اسلامی ساہتیہ ٹرسٹ‘ کے زیراہتمام تفہیم القرآن کے ہندی ایپ کا اجرا عمل میں آیا۔

   نئی دہلی: مرکزجماعت اسلامی ہند کے شوریٰ ہال میں مولانا سید ابوالاعلی مودودی رحمہ اللہ کی مشہورتفسیرتفہیم القرآن کے ہندی ترجمہ کے ایپ کے اجرا کی تقریب سید سعادت اللہ حسینی امیر جماعت اسلامی ہند کی صدارت میں منعقد ہوئی – ہندی ترجمہ قرآن اپلی کیشن کی تیاری کا یہ کام جماعت اسلامی ہند کے ادارہ ’اسلامی ساہتیہ ٹرسٹ‘ کے ذریعہ انجام دیا گیا ہے۔ امیرجماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی کے ہاتھوں اپلی کیشن کا اجرا کیا گیا۔ اس موقع پر تفہیم القرآن کے ہندی مترجم نسیم غازی فلاحی، نائب امیرجماعت، ملک معتصم خان، مولانا انیس الرحمن قاسمی، سابق ناظم، امارت شریعہ بہار، ٹرسٹ کے ذمہ داران و دیگراہم شخصیات نے بھی اجرا کی اس تقریب سے خطاب کیا۔

یوسف امین جنہوں نے یہ ایپ تیارکی ہے، نے ایپ کے اہم فیچرس کا تعارف پیش کیا۔ اس ایپ میں پورے قرآن مجید کی تلاوت، اس کا ہندی ترجمہ اورتفہیم القرآن کی تفسیرکو شامل کیا گیا ہے۔ ایپ کے ذریعے ترجمہ اورتفسیردونوں پڑھے جا سکتے ہیں، ہندی آڈیوترجمہ بھی اس ایپ کی ایک اہم خصوصیت ہے۔ تفہیم القرآن کے ہندی مترجم مولانا نسیم احمد غازی فلاحی نے بتایا کہ ترجمے کے اس کام میں 12 برس لگے- ترجمے کے ساتھ قرآنی اصطلاحات کی مختصرتشریح اوراحادیثِ نبوی کے حوالے بھی شامل کئے گئے ہیں۔ مولانا انیس الرحمٰن قاسمی سابق ناظم امارت شرعیہ بہارونائب صدرآل انڈیا ملّی کونسل نے ترجمے کے کام کی نزاکت اور حساسیت پرگفتگوکرتے ہوئے اس کام میں شامل افراد کومبارکباد پیش کی۔

ڈاکٹررضی الاسلام ندوی، نیشنل سکریٹری شرعیہ کونسل، جماعت اسلامی ہند نے کہا کہ ’’میرا ماننا ہے کہ یہ کام صدقۂ جاریہ ہے، اس میں جن لوگوں نے بھی کسی طرح کا تعاون پیش کیا ہے وہ سب اجرکے مستحق ہیں۔‘‘ ملک معتصم خان، نائب امیرجماعت نے بھی اس کام پرخوشی کا اظہارکیا اورٹرسٹ کے ذمے داروں کو مبارک باد پیش کی۔ ٹرسٹ کے چیئرمین فرحت حسین نے بتایا کہ تلخیص تفہیم القرآن، جسے مولانا صدرالدین اصلاحی نے تیارکیا تھا، اس کا ہندی ترجمہ مولانا کوثر یزدانی ندوی نے کیا تھا، اسے بھی اس ایپ میں شامل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرسٹ نے دینی کتابوں کوبھی ڈیجیٹل شکل میں لانے کا منصوبہ بنایا ہے۔

  آخرمیں امیرجماعت سید سعادت اللہ حسینی نے صدارتی کلمات پیش کئے۔ انہوں نے ٹرسٹ کے عہدیداران اورایپ ڈیولپ کرنے والے نوجوان یوسف امین کومبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ مولانا مودودی نے تفسیرلکھنے میں بہت محنت کی ہے۔ تفہیم القرآن کی تیاری کے ضمن میں مولانا نے جرمن زبان سیکھی، ہندومت اور عیسائیت کی بنیادی کتابوں کا باریکی سے مطالعہ کیا، دیگرافکارونظریات کا بھی ناقدانہ جائزہ لیا اورانتہائی تحقیق کے ساتھ تفسیرلکھی۔ سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ الحمد للہ اسلامی ساہتیہ ٹرسٹ کے ذریعے یہ بہت اہم کام انجام پایا ہے۔ اب ہماری ذمے داری ہے کہ اسے زیادہ سے زیادہ عام کرنے کی کوشش کریں، تاکہ یہ نہ صرف مسلمانوں تک پہنچے، بلکہ ہندی زبان جاننے والے ہرشخص تک اس کی رسائی ہو۔ اس ایپ کو Android اور IOS پر انسٹال کیا جاسکتا ہے – اسے Play Store میں جاکر Tafheemul Quran Hindi ٹائپ کرکے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے یا درج ذیل لنک کے ذریعے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

بھارت ایکسپریس۔

Also Read