تمیم اقبال نے شیخ حسینہ سے ملاقات کے بعد ریٹائرمنٹ واپس لے لیا ہے۔
Tamim Iqbal Retirement: بنگلہ دیش کے طوفانی بلے بازاورٹیم کے کپتان تمیم اقبال نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کیا تھا۔ حالانکہ اب انہوں نے اپنا یہ فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ کے سمجھانے کے بعد انہوں نے پھرسے قومی ٹیم میں واپسی کا اعلان کیا ہے۔ افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ونڈے سیریز میں ٹیم کی قیادت کررہے 34 سال کے تمیم اقبال نے بنگلہ دیش کے پہلا میچ گنوانے کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔
کرک بز کی رپورٹ کے مطابق، تمیم اقبال نے کہا کہ ’’آج دوپہر وزیراعظم نے مجھے اپنے گھر میں مدعو کیا تھا۔ انہوں نے مجھے سمجھایا اور پھر سے کھیلنے کے لئے کہا، اس لئے میں نے اس وقت ریٹائرمنٹ سے واپسی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘ ٹیم کے سلامی بلے باز نے کہا ’’میں سبھی کو ’نہ‘ کہہ سکتا ہوں، لیکن وزیراعظم کو ’نہ‘ کہنا میرے لئے ناممکن تھا۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ اس دوران میرے ساتھ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر پاپون بھائی اور مشرف مرتضیٰ بھی موجود رہے۔
وزیراعظم نے مجھے ڈیڑھ ماہ کا وقت دیا
تمیم اقبال نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے مجھے میرے علاج کے لئے ڈیڑھ ماہ دیا ہے۔ ذہنی طور پر آزاد ہونے کے بعد میں باقی کے میچ کھیلوں گا۔ تمیم اقبال نے اپنے 16 سال کے کرکٹ کیریئر میں 70 ٹسٹ میں 5,134 رن بنائے، جس میں 10 سنچری اور ایک ڈبل سنچری شامل ہے۔ ونڈے کرکٹ میں سلامی بلے باز کے طور پر ان کی قابلیت شاندار رہی۔ انہوں نے 241 میچوں میں 8,313 رن بنائے ہیں، جس میں 14 سنچریاں لگائی تھیں، جو بنگلہ دیش کے لئے کسی کھلاڑی کے سب سے زیادہ سنچری بھی ہیں۔ وہ موجودہ کرکٹروں میں تیسرے سب سے زیادہ رن جمع کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں، جس میں وہ وراٹ کوہلی اور روہت شرما کے بعد شامل ہیں۔
تمیم اقبال نے اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو 2007 میں کیا تھا اور انٹرنیشنل کرکٹ میں 15,000 رن بنائے، جس میں 25 سنچری اور 94 نصف سنچری شامل ہیں۔ تمیم اقبال نے گزشتہ سال ٹی-20 انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہہ دیا تھا اور انہوں نے اپنا آخری ٹسٹ اپریل میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔ بورڈ چیئرمین نجم الحسن نے کہا، ’’مجھے لگتا ہے کہ اس نے یہ فیصلہ جذبہ میں بہہ کر لیا تھا۔ اس کا ریٹائرمنٹ سے واپسی کا فیصلہ یقینی طور پر بڑی راحت دینے والا ہے۔ اگر ہمارے پاس کپتان نہیں ہوگا تو ہم کیسے کھیل سکتے ہیں؟ ‘‘
بھارت ایکسپریس-