رویندر جڈیجہ نے ونڈے میں 200 وکٹ حاصل کرلئے۔
Ravindra Jadeja 200 ODI Wickets: ہندوستانی ٹیم کے آل راؤنڈر کھلاڑی رویندرجڈیجہ نے ایشیا کپ 2023 میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں اپنی 200 ونڈے وکٹیں مکمل کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔ اس میچ میں رویندرجڈیجہ نے شمیم حسین کا وکٹ لے کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ اب وہ ونڈے کرکٹ میں 200 وکٹیں مکمل کرنے والے ہندوستان کے پہلے بائیں ہاتھ کے اسپن گیند باز بھی بن گئے ہیں۔ اس کے علاوہ رویندر جڈیجہ کپل دیوکے بعد دوسرے ہندوستانی کھلاڑی ہیں، جن کے پاس ونڈے میں 200 یا اس سے زیادہ وکٹیں لے کر2000 سے زیادہ رن بنانے کا بھی ریکارڈ ہے۔
ہندوستان کے لئے اب تک ونڈے میں بطوراسپن گیند باز سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ انل کمبلے کے نام ہے، جنہوں نے اپنے کیریئرمیں کل 334 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے بعد ہربھجن سنگھ کا نام 265 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پرہے۔ رویندرجڈیجہ 200 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبرپرہیں۔
اس کے علاوہ رویندرجڈیجہ سابق ہندوستان کپتان کپل دیوکے بعد دوسرے آل راؤنڈرکھلاڑی بن گئے ہیں، جو ونڈے فارمیٹ میں بلے سے 2000 سے زیادہ رن بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں اور200 وکٹیں لینے میں بھی کامیاب رہے ہیں۔ رویندرجڈیجہ نے یہ سنگ میل اپنے 182 ونڈے میچوں میں حاصل کیا۔ اب تک رویندر جڈیجہ نے 50 اوورکے فارمیٹ میں گیند کے ساتھ 36.85 کی اوسط دیکھی ہے۔ قابل ذکرہے کہ رویندرجڈیجہ نے اب تک ہندوستان کے لئے ٹیسٹ میں 275 اورٹی 20 میں 51 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
رویندرجڈیجہ نے بنگلہ دیش کے خلاف مقابلے سے پہلے اپنی بلے بازی سے متعلق اسٹاراسپورٹس پربیان دیتے ہوئے کہا کہ میں اس وقت اپنی گیند بازی پردھیان دے رہا ہوں اورگیند کواسٹمپ پرپھینکنے کی کوشش کرتا ہوں تاکہ انہیں روم نہ مل سکے۔ میں فیلڈ کو دیکھ کراسی حساب سے بلے بازکوگیند پھینکتا ہوں۔
بھارت ایکسپریس۔