نئی دہلی :بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ رنجی ٹرافی میں جموں و کشمیر کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔ کپتان پارَس ڈوگرا کی قیادت میں ٹیم نے پہلی مرتبہ رنجی ٹرافی کا خطاب اپنے نام کر لیا اور آٹھ بار کی چیمپئن کرناٹک کرکٹ ٹیم کو پیچھے چھوڑ دیا۔ہبلی کے ڈی آر بیندرے کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل مقابلے کا اختتام ڈرا پر ہوا، قابل ذکر بات یہ ہےکہ پہلی اننگز میں حاصل ہونے والی بڑی برتری کی بنیاد پر جموں و کشمیر کو فاتح قرار دیا گیا۔ میچ میں جموں و کشمیر کے کپتان پارس ڈوگرا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو ٹیم کے حق میں ثابت ہوا۔ شبھم پنڈیر نے 121 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جب کہ یاور حسن خان نے 88 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ ساحل لوترا، کنہیا ودھاون اور کپتان پارس ڈوگرا نے 70، 70 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 584 رنز تک پہنچا دیا۔
جواب میں کرناٹک کی پوری ٹیم 293 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ کرناٹک کے کپتان میانک اگروال نے 160 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، مگر دیگر بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ جموں و کشمیر کی جانب سے عاقب نبی نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، جب کہ سنیل کمار اور یدھویر سنگھ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور ساحل لوترا نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پہلی اننگز میں 291 رنز کی بڑی سبقت حاصل کرنے کے بعد جموں و کشمیر نے دوسری اننگز میں ابتدائی دو وکٹیں صرف 11 رنز پر گنوانے کے باوجود زبردست واپسی کی۔ اوپنر کامران اقبال نے ناقابل شکست 160 اور ساحل لوترا نے 101 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں پہنچایا۔ دونوں کے درمیان 197 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی، جس کے بعد کپتان پارس ڈوگرا نے اننگز ڈکلیئر کر دی۔
وقت ختم ہونے پر میچ ڈرا قرار پایا اور یوں جموں و کشمیر پہلی مرتبہ رنجی ٹرافی کا چیمپئن بن گیا۔ شبھم پنڈیر کو پلیئر آف دی میچ، جب کہ عاقب نبی کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ یہ کامیابی جموں و کشمیر کرکٹ کی تاریخ میں ایک سنگ میل سمجھی جا رہی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



