چنئی سپرکنگس نے گجرات ٹائٹنس کو شکست دے کر پانچویں بار آئی پی ایل ٹرافی پر قبضہ کیا۔
رویندر جڈیجہ کے ذریعہ آخری گیند پر چوکا لگانے کی بدولت چنئی سپرکنگس نے فائنل میں گجرات ٹائٹنس کو 5 وکٹ سے شکست دے کر5ویں بارآئی پی ایل خطاب اپنے نام کرلیا ہے۔ بارش سے متاثرہ مقابلے میں چنئی سپرکنگس کو 15 اووروں میں 171 رنوں کا ترمیم شدہ ہدف ملا تھا۔ اس نے 15 اوور میں 5 وکٹ پر ہدف حاصل کرلیا۔ گجرات ٹائٹنس نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 4 وکٹ پر 214 رن بنائے تھے، لیکن جیت چنئی سپرکنگس کے نام رہی۔ ہدف کا پیچھا کرنے اتری چنئی سپرکنگس کی اننگ کے پہلے اوور کی تیسری گیند کے بعد پھر بارش شروع ہوگئی، جس میں کافی وقت برباد ہوا۔ دیررات 12:10 بجے مقابلے کو 15 اوور کا کردیا گیا اور چنئی سپرکنگس کو ترمیم شدہ ہدف دیا گیا۔ بارش سے پہلے چنئی سپرکنگس نے 4 رن بنائے تھے۔
چنئی سپرکنگس کو ریتو راج گائیکواڑ اور ڈیون کانوے کی اوپننگ جوڑی نے شاندار شروعات دلائی۔ دونوں نے پہلے وکٹ کے لئے 74 رنوں کی شرات کی۔ ریتو راج کو نوراحمد کی گیند پر راشد خان نے کیچ کیا۔ گائیکواڑ 16 گیندوں پر 26 رن بناکرآوٹ ہوئے۔ اس کے بعد ڈیون کانوے بھی زیادہ دیرتک کریزپرنہیں ٹھہرسکے اور نوراحمد کو وکٹ دے کرپویلین لوٹ گئے۔ کانوے نے 25 گیندوں پر 47 رن بنائے۔ اجنکیا رہانے 27 رن بناکرآوٹ ہوئے۔ وہیں امبانی رائیڈو نے 19 رنوں کا تعاون دیا۔ دھونی کچھ خاص کمال نہیں کرسکے اور پہلی ہی گیند پرپویلین لوٹ گئے۔ انہیں موہت شرما نے ملرکے ہاتھوں کیچ کرایا۔ شیوم دوبے 32 اور رویندر جڈیجہ 19 رن بناکرناٹ آوٹ لوٹے۔ گجرات کی طرف سے موہت شرما نے تین جبکہ نوراحمد نے 2 وکٹ حاصل کئے۔
Tears of Joy 🥹#IPL2023Final #CSKvGT #WhistlePodu #Yellove 🦁💛pic.twitter.com/pMn0pYOSbF
— Chennai Super Kings (@ChennaiIPL) May 29, 2023
جیت کے ہیرو بنے رویندر جڈیجہ
گجرات ٹائٹنس کے خلاف چنئی سپرکنگس نے اپنا پانچواں آئی پی ایل خطاب جیتا۔ اس میچ میں ایک لمحہ ایسا بھی آیا، جب گجرات نے چنئی سپرکنگس کو شکست کی طرف دھکیل دیا تھا۔ مگررویندر جڈیجہ نے موہت شرما کے آخری اوور میں آخری دو گیندوں پر چھکا اور چوکا لگاکرٹیم کو جیت دلا دی۔ اس طرح سے چنئی سپرکنگس پانچویں بارآئی پی ایل خطاب جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔
This moment is ♾️🫶💛#IPL2023Final #CSKvGT #WhistlePodu #Yellove 🦁💛pic.twitter.com/6BCgehszxy
— Chennai Super Kings (@ChennaiIPL) May 29, 2023
گجرات ٹائٹنس نے 4 وکٹ پر 214 رن بنائے
اس سے پہلے سائی سدرشن کے 47 گیندوں میں 96 رنوں کی مدد سے گجرات ٹائٹنس نے 4 وکٹ پر 214 رن بنائے۔ سدرشن نے اپنی اننگ میں 8 چوکے اور 6 چھکے لگائے۔ انہوں نے اہم شراکت کرکے گجرات ٹائٹنس کو ہمالیائی اسکور تک پہنچایا۔ اس سے پہلے شبھمن گل 20 گیندوں میں 39 رن اور ردھمان ساہا نصف سنچری بناکرآوٹ ہوئے۔ دوسرے ہی اوور میں شبھمن گل نے تشار دیش پانڈے کی گیند پر لیگ سائیڈ میں شاٹ کھیلا، لیکن شارٹ فائن لیگ پر کھڑے دیپک چاہرنے کیچ ٹپکا دیا۔ شبھمن گل حالانکہ ممبئی انڈینس کے خلاف دوسرے کوالیفائرمیں کی گئی کارکردگی کو نہیں دہرا سکے۔