Bharat Express

India vs England: وراٹ کوہلی کا 8 سال پرانا ریکارڈ ٹوٹنا یقینی، اس ہندوستانی کھلاڑی کے پاس تاریخ رقم کرنے کا بہترین موقع

انگلینڈ کے خلاف دھرمشالہ ٹسٹ میں صرف ایک رن بناتے ہی تاریخ رقم کردیں گے۔ وہ اس سیریز کے 4 میچوں میں 93.57 کی اوسط سے 655 رن بناچکے ہیں۔

یشسوی جیسوال دھرمشالہ میں ایک رن بناتے ہی وراٹ کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔

انگلیںڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں جس ہندوستانی کھلاڑی نے سب سے زیادہ متاثرکیا ہے، اس کا نام ہے یشسوی جیسوال۔ اس سیریز میں کئی ریکارڈ اپنے نام کرچکے 22 سالہ بلے بازیشسوی جیسوال اب دھرمشالہ میں کھیلے جانے والے پانچویں ٹسٹ میں کوہلی کا ایک 8 سالہ پرانا ریکارڈ توڑدیں گے۔

آپ سوچ رہے ہوں گے کہ ہم اتنا یقین کے ساتھ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ یشسوی جیسوال ٹسٹ میں کنگ وراٹ کوہلی کا 8 سال پرانا ریکارڈ توڑدیں گے۔ دراصل، اس کے پیچھے کی وجہ یہ ہے کہ ایسا کرنے کے لئے یشسوی جیسوال کو صرف ایک رن اوربنانا ہے۔ حالانکہ کرکٹ میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ کئی بارکھلاڑی دونوں اننگوں میں صفرپرآؤٹ ہوتے ہیں، لیکن یشسوی جیسوال کی موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ وہ پانچویں ٹسٹ میں وراٹ کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔

خطرے میں کوہلی کا ریکارڈ

یشسوی جیسوال انگلینڈ کے خلاف جاری ٹسٹ سیریز کے چارمیچوں میں 93.57 کی اوسط سے 655 رن بناچکے ہیں۔ ایسے میں وہ دھرمشالہ میں کھیلے جانے والے پانچویں ٹسٹ میں ایک رن بناتے ہی انگلینڈ کے خلاف ایک ٹسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رن بنانے والے ہندوستانی بلے باز بن جائیں گے۔ کوہلی نے 2016 میں انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں کی ٹسٹ سیریز میں 655 رن بنائے تھے۔ اب یشسوی جیسوال ایک رن بناتے ہی ان کا ریکارڈ توڑ دیں گے۔

سب سے زیادہ رن بنانے والے ہندوستانی بلے باز

وراٹ کوہلی- 655 رن (2016)

یشسوی جیسوال- 655 رن (2024)

راہل دراوڑ- 602 رن (2002)

وراٹ کوہلی 593 رن (2018)

ایسا کرنے والے دوسرے بلے باز بھی بن سکتے ہیں جیسوال

یشسوی جیسوال اگردھرمشالہ ٹسٹ میں 45 رن بنالیتے ہیں تووہ ایک ٹسٹ سیریز میں 700 رن بنانے والے دوسرے ہندوستانی بلے باز بن جائیں گے۔ سابق عظیم کرکٹر سنیل گواسکرنے دو بار یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ وہ ایک بار 774 اورایک بار732 رن بناچکے ہیں۔ ویسے یشسوی جیسوال پانچویں ٹسٹ میں 120 رن بناکرسنیل گواسکرکا یہ اٹوٹ ریکارڈ بھی توڑسکتے ہیں۔

بھارت ایکسپریس۔