انگلینڈ کے تیز گیند باز اسٹورٹ براڈ نے کرکٹ کو الوداع کہہ دیا۔
انگلینڈ کے عظیم تیزگیند بازاسٹورٹ براڈ نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ ایشیز سیریزکے پانچویں میچ میں وہ آسٹریلیا کے خلاف کھیل رہے ہیں۔ تیسرے دن کے کھیل کے بعد اسٹورٹ براڈ نے اعلان کردیا ہے کہ یہ ان کا آخری میچ ہوگا۔ وہ اب انٹرنیشنل کرکٹ کے ساتھ ہی گھریلو میچوں میں بھی نہیں کھیلیں گے۔ 37 سال کے اسٹورٹ براڈ نے 2006 میں انگلینڈ کے لئے ڈیبیو کیا تھا۔ ان کا کیریئر تقریباً 17 سال لمبا رہا۔
ٹسٹ کرکٹ میں 600 سے زیادہ وکٹ
ایشیز میں اپنا 167واں ٹسٹ میچ کھیل رہے اسٹورٹ براڈ کے نام ابھی تک 602 وکٹ ہیں۔ اس سیریز میں انہوں نے اپنے 600 وکٹ پورے کئے تھے۔ ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں صرف چار ہی گیند بازوں کے ان سے زیادہ وکٹمرلی دھرن، شین وارن، جیمس اینڈرسن اورانل کمبلے کے نام ہیں۔ ابھی ان کے پاس ایک اننگ باقی ہے۔ اسٹورٹ براڈ اس نمبر کو مزید بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔ ان کے والد کرس براڈ بھی انگلینڈ کے لئے کھیل چکے ہیں۔ آئی سی سی کے میچ ریفری ہیں۔
لمبے وقت سے ونڈے اور ٹی-20 سے دور
اسٹورٹ براڈ انگلینڈ کے لئے صرف ٹسٹ کھیلتے ہیں۔ انہوں نے اپنا آخری ونڈے میچ 2016 اور آخری ٹی-20 میچ 2014 میں کھیلا تھا۔ وہ 2010 میں ٹی-20 ورلڈ کپ جیتنے والے انگلینڈ ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ 121 ونڈے میں ان کے نام 178 اور 56 ٹی-20 میں 65 وکٹ درج ہیں۔ بلے بازی کی بات کریں تواسٹورٹ براڈ نے ٹسٹ میں ایک سنچری اور 13 نصف سنچری کی مدد سے 3656 رن بنائے ہیں۔ ان کے نام 438 چوکے اور 54 چھکے بھی ہیں۔ ونڈے اور ٹی-20 میں وہ بلے سے کچھ زیادہ کمال نہیں کرپائے۔
اینڈرسن کے ساتھ سب سے کامیاب جوڑی
جیمس اینڈرسن اوراسٹورٹ براڈ کی جوڑی ٹسٹ تاریخ کی سب سے کامیاب جوڑی ہے۔ دونوں نے ایک ساتھ 138 میچ کھیلے ہیں، اس میں انہوں نے 1037 بلے بازوں کا شکار کیا ہے۔ ان کے علاوہ صرف شین وارن اور گلین میک گرا کی جوڑی کے نام ہی 1000 سے زیادہ وکٹ ہیں۔ آسٹریلیائی جوڑی نے ایک ساتھ کھیلتے ہوئے 104 میچوں میں 1001 وکٹ حاصل کئے تھے۔
بھارت ایکسپریس۔