لندن: خواتین ٹی-20 ورلڈ کپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر آٹھویں مرتبہ ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ اب اتوار کو آسٹریلیا کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔ کیننگٹن اوول میں کھیلے گئے اس میچ میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے۔ کپتان ہیلی میتھیوز اور کیانا جوزف نے پہلی وکٹ کے لیے 49 گیندوں پر 47 رنز کی شراکت قائم کی۔ کیانا جوزف نے 16 رنز بنائے، جبکہ ہیلی میتھیوز 28 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔
شیمین کیمبل اور ڈیانڈرا ڈاٹن کی مزاحمت
ہیلی میتھیوز کے آؤٹ ہونے کے بعد شیمین کیمبل نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، لیکن دوسرے اینڈ سے انہیں خاطر خواہ تعاون نہ مل سکا۔ انہوں نے 25 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنائے۔ آخر میں ڈیانڈرا ڈاٹن اور جنیلیا گلاسگو نے ساتویں وکٹ کے لیے 27 گیندوں پر 42 رنز کی شراکت قائم کی، جس کی بدولت ویسٹ انڈیز 125 رنز تک پہنچ سکا۔ گلاسگو نے 15 رنز بنائے، جبکہ ڈاٹن 16 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 26 رنز بنا کر لوٹیں۔ قابل ذکر بات یہ رہی کہ میچ شروع ہونے سے قبل ڈیانڈرا ڈاٹن کو طبیعت خراب ہونے کے باعث ساتھی کھلاڑیوں کی مدد سے میدان سے باہر لے جایا گیا تھا، جہاں تقریباً 30 منٹ تک ان کا طبی معائنہ اور علاج کیا گیا۔ بعد ازاں وہ آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں آئیں۔
آسٹریلوی گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی
آسٹریلیا کی جانب سے سوفی مولینکس، ایشلے گارڈنر اور جارجیا ویئرہیم نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اینابیل سدرلینڈ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 126 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے صرف 13 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور حاصل کر لیا۔ جارجیا وول اور بیتھ مونی نے پہلی وکٹ کے لیے 29 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ جارجیا وول 11 گیندوں پر 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، جبکہ فوبی لیچ فیلڈ صرف 4 رنز بنا سکیں۔ اس کے بعد بیتھ مونی نے ایلس پیری کے ساتھ 21 رنز جوڑے، تاہم پیری صرف 2 رنز بنانے کے بعد انجری کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئیں۔
مونی اور گارڈنر نے دلائی آسان فتح
بعد میں بیتھ مونی اور ایشلے گارڈنر نے تیسری وکٹ کے لیے صرف 36 گیندوں پر ناقابلِ شکست 63 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو شاندار فتح دلائی۔ بیتھ مونی نے 36 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 61 رنز بنائے، جبکہ ایشلے گارڈنر نے 20 گیندوں پر 5 چوکوں کی بدولت ناقابلِ شکست 35 رنز اسکور کیے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے چنیل ہنری اور ہیلی میتھیوز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


