جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ۔ (فائل فوٹو)
جموں و کشمیر وادی میں تقریباً 34 سال بعد محرم کا جلوس بغیر کسی پابندی کے نکالا گیا۔ وادی میں 1989 کے بعد بگڑتے حالات کی وجہ سے اس جلوس کو نکالنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ساتھ ہی سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان جلوس نکالنے کی اجازت دی گئی۔ اس موقع پر سابق وزیر اعلی فاروق عبداللہ نے اس جلوس کو لے کر بی جے پی حکومت پر طنز کیا ہے۔
دراصل فاروق عبداللہ نے ٹوئٹ کیا کہ جموں و کشمیر میں کئی سالوں بعد محرم کا جلوس نکلا ہے۔ پہلے جب میں جموں و کشمیر کا وزیر اعلیٰ تھا تو اس طرح کے محرم کے جلوس نکلتے تھے لیکن بی جے پی کے دور حکومت میں یہ جلوس نکال کر بی جے پی کیا سمجھتی ہے کہ وہ مسلمانوں کے ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی، اس کی یہ تمنا کبھی پوری نہیں ہوگی، کیونکہ بی جے پی نے ملک میں فرقہ وارانہ ماحول پیدا کیا ہے۔
34 سال بعد جلوس کی اجازت
قابل ذکر ہے کہ 34 سال کی پابندی کے بعد ہزاروں شیعہ عزاداروں کو 8ویں محرم کا جلوس روایتی گرو بازار-ڈلگیٹ راستے سے نکالنے کی اجازت دی گئی۔ 1989 میں کشمیر میں حکام کی طرف سے عائد پابندیوں کے بعد 34 سال میں پہلی بار جلوس نکالا گیا۔ تاہم، روایتی عاشورہ کے جلوس کا روٹ، جو لال چوک میں ابی گوجر سے شروع ہو کر پرانے شہر کے جدیبل پر ختم ہوتا تھا، کو 1989 میں مختصر کر کے موجودہ روٹ کو بٹہ کدل سے شروع کر کے جدیبل پر ختم کیا گیا۔ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر 12 کلومیٹر کے پرانے راستے پر ذولجینا کو جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
محرم اسلام کے مقدس ترین مہینوں میں سے ایک ہے جب دنیا بھر کے شیعہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے سوگ میں جلوس نکالتے ہیں، جو 680 عیسوی میں عراق میں کربلا کی جنگ میں شہید ہوئے تھے۔