سردی کی لہر
ہندوستان کی راجدھانی دہلی سمیت پورے شمالی ہندوستان (North India)میں سردی کا اثر دیکھا ئی دے رہا ہے ۔ دہلی میں آج درجہ حرارت کم سےکم سات ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج کیا گیا ہے۔
اتوار کی صبح این سی آر کے کئی علاقوں میں دھند دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات نے سردی کی لہر کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں ہفتہ کی رات درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو دہلی میں کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری اور زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری تک رہ سکتی ہے۔اس سب کا اثر این سی آر میں بھی نظر آئے گا۔
دہلی این سی آر(Delhi NCR) کے ساتھ ساتھ اتر پردیش میں بھی سردی کا اثر دیکھا جا رہا ہے۔ اتوار کی صبح کانپور میں درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ لوگ سردی سے بچنے کے لیے آگ سے خود کو گرم کرتے نظر آئے۔ بڑھتی ہوئی سردی کے پیش نظر زولوجیکل پارک کے حکام نے چڑیا گھر کے جانوروں کو سردی سے بچانے کے لیے مختلف اقدامات شروع کردئے ہیں۔
کانپور کے چڑیا گھر میں سینئر ڈاکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر انوراگ سنگھ نے بتایا کہ جانوروں کے پنجرےمیں ہیٹر کا بھی انتظام کیا گیا ہے اوران کے کھانے میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
ہریانہ میں بھی سردی کی لہر جاری ہے۔ امبالہ میں درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ آج صبح کئی علاقوں میں گھنی دھند دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات کی مانیں تو آج پنجاب، شمالی راجستھان اور ہماچل پردیش میں سردی کی لہر برقرار رہ سکتی ہے۔ جس کی وجہ سے سردی مزید بڑھ سکتی ہے ۔
–بھارت ایکسپریس